سی پیک کورونا وائرس کے بعد معاشی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔وزیرِ خارجہ

تازہ ترین

تازہ ترین

سی پیک کورونا وائرس کے بعد معاشی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔وزیرِ خارجہ
سی پیک کورونا وائرس کے بعد معاشی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔وزیرِ خارجہ

ماسکو: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) کورونا وائرس سے پاکستانی معیشت کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے اور معاشی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق روسی دارالحکومت ماسکو میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایس سی او کونسل برائے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقعے پر چینی ریاستی کونسلر اور چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کی جبکہ گزشتہ 3 ہفتوں میں دونوں وزرائے خارجہ کے مابین یہ دوسری ملاقات ہوئی۔

وزرائے خارجہ کی ملاقات کے دوران پاک چین دو طرفہ، علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلۂ خیال ہوا۔ اِس موقعے پر وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے گزشتہ ماہ پاک چین وزرائے خارجہ کے اسٹرٹیجک مذاکرات کے دوسرے دور کا ذکر کرتے ہوئے طے شدہ اتفاقِ رائے کو عملی جامہ پہنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دورانِ ملاقات وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور چین کو ہر دور میں  اسٹرٹیجک کو آپریٹو پارٹنرز قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی کیلئے پر عزم ہیں۔ ہم بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) اور ایس سی او علاقائی روابط کو فروغ دیں گے۔

گفتگو کے دوران وزیرِ خارجہ نے کہا کہ عوام سے عوام کے تبادلۂ خیال اور تعلقات کے ساتھ ساتھ پاک چین آمدورفت کو فروغ دینے کیلئے بھی دونوں ممالک باہمی تعاون کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ معاشی بحران سے نکلنے کیلئے سی پیک کا کردار اہم ہے۔

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا وائرس کے بعد معیشت کی بحالی میں سی پیک اہم اور مثبت کردار ادا کرے گا۔ پاکستان اور چین متعلقہ اقدامات میں مصروف ہیں جو سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل میں مددگار ثابت ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک چین پالیسی پر قائم ہے اور قومی مفادات کے بنیادی امور پر چین کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑا ہے۔ ایک پر امن اور مستحکم افغانستان  خطے اور بین الاقوامی امن و استحکام کیلئے ضروری ہے جس کی پاکستان ہمیشہ حمایت کرے گا۔

  یہ بھی پڑھیں: وزیرِ خارجہ کی مائیک پومپیو سے افغان امن عمل پر گفتگو

Related Posts