گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی طیارہ حادثے میں سامنے آنے والی بلند و بالا عمارات کی غیر قانونی تعمیرات کی ذمہ دار ہے، ادارے کو تحقیقات میں شامل کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ ایس بی سی اے (سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی) کی اجازت سے بلند وبالا عمارات تعمیر ہوتی ہیں اور آج بھی ائیرپورٹ کے اطراف میں ایسی عمارات کی تعمیر جاری ہے۔
گفتگو کے دوران گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سوشل میڈیا پر چلنے والی طیارہ حادثے کی رپورٹس کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ حادثے پر تحقیقات جاری ہیں جبکہ جو گھر قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کا طیارہ گرنے سے تباہ ہوئے، انہیں حکومت ازسر نو تعمیر کرے گی۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ جو لوگ حادثے میں زخمی ہوئے ہیں، ان کا علاج معالجہ بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت ہے کہ متاثرین کو تمام تر سہولیات مہیا کی جائیں۔