کیا گرمیوں کی چھٹیوں میں 31 اگست تک توسیع ہو رہی ہے محکمہ تعلیم کے نام سے نوٹیفکیشن کی حقیقت کیا ہے۔
صوبہ خیبر پختونخوا میں محکمہ تعلیم کے نام سے گزشتہ روز ایک نوٹیفکیشن جاری ہوا ہے جس میں کہا گیا کہ شدید بارشوں اور ہیٹ ویو کی لہر کے باعث تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات میں 31 اگست تک توسیع کی جا رہی ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ موسم گرما کی تعطیلات کے بعد تعلیمی ادارے یکم ستمبر 2026 سے کھلیں گے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرتے اس نوٹیفکیشن میں محکمہ تعلیم کا نام، آفیشل طرز کی فارمیٹنگ اور دیگر تفصیلات موجود ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل مذکورہ نوٹیفکیشن نے طلبہ وطالبات، ان کے والدین اور تعلیمی اداروں کے منتظمین کو الجھن میں ڈال دیا۔ تاہم ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے اس الجھن کو ختم کر دیا ہے۔
ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے وائرل نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دیتے ہوئے عوام سے کہا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کی جانے والی دستاویز پر بھروسہ نہ کریں اور نہ ہی اس کو مزید پھیلائیں۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں مڈل، ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات آج ختم ہو رہی ہیں اور کل (17 اگست) سے اسکول معمول کے مطابق کھلیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








