کالج داخلہ پالیسی تبدیل، 2027 سے تمام ایڈمشن مکمل طور پر آن لائن ہوں گے

تازہ ترین

تازہ ترین

پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے سرکاری کالجوں میں داخلہ پالیسی میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے 2027 سے تمام کالج داخلوں کو مکمل طور پر آن لائن کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

نئے نظام کے تحت مینوئل داخلے، پرنٹ شدہ پراسپیکٹس اور داخلہ فارم ختم کر دیے جائیں گے، جبکہ طلبہ گھر بیٹھے آن لائن درخواست اور دیگر تمام مراحل مکمل کر سکیں گے۔

ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن (DPI) پنجاب ڈاکٹر انصر اظہر کے مطابق یہ اقدام حکومت پنجاب کی پیپر لیس پالیسی کا حصہ ہے، جس کا مقصد داخلہ کے عمل کو شفاف، تیز رفتار اور طلبہ کے لیے زیادہ آسان بنانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کالج داخلہ فیس پہلے ہی آن لائن وصول کی جا رہی ہے، جبکہ آئندہ تعلیمی سال سے داخلے کا مکمل عمل بھی ڈیجیٹل نظام کے تحت انجام دیا جائے گا۔

محکمہ تعلیم نے طلبہ اور والدین کو ہدایت کی ہے کہ وہ کالجوں کے چکر لگانے اور لمبی قطاروں میں انتظار کرنے کے بجائے آن لائن پورٹل کے ذریعے داخلے کی تمام کارروائی مکمل کریں تاکہ وقت اور اخراجات دونوں کی بچت ہو سکے۔

Related Posts