کراچی :پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے بھارت کو خطے کے امن کے لیئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی سرکار اس وقت شدید مشکلات، تنقید اور دباؤ کا شکار ہے،بھارت اقلیتوں کے لئے غیر محفوظ ملک بن چکا ہے، بھارت کو شر انگیزی بہت مہنگی پڑیگی۔
بھارتی حکومت کے کسان دشمن فیصلوں کی وجہ سے پورے بھارت میں اس وقت کسان سراپا احتجاج ہیں ، مقبوضہ کشمیر میں ناجائز قبضہ اور مظالم کی وجہ سے پہلے ہی پوری دنیا بھارت کو لعن طعن کر رہی ہے اور اس کے بعد لداخ اور ڈوکلام میں چین کے ہاتھوں رسوا ہونے کے بعد مودی سرکار حواس باختہ ہوگئی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا۔
حنید لاکھانی نے کہا کہ بھارت فالس فلیگ آپریشن کی تیار ی کررہا ہے بھارت کی حکومت اپنے اندرونی معاملات کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور اپنی عوام کی توجہ کو اندرونی مسائل سے ہٹانے کے لیئے وہ جھوٹے اور من گھڑت آپریشن کی کہانیاں اپنے میڈیا چینلز سے چلوا کر اپنی ہزیمت مٹانے کی کوششیں کر رہا ہے۔
مودی سرکار اپنی عوام کو جھوٹی تسلیاں دے کرکسی بھی طرح ان کی ہمدردی حاصل کرنا چاہتی ہے لیکن ان کے کشمیر میں مظالم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں ، نریندر مودی کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے نہ صرف اپوزیشن اور وہاں کی عوام ان کے خلاف کھڑی ہورہی ہے بلکہ عالمی دنیا نے بھی بھارت کواقلیتوں کے غیر محفوظ ملک قرار دیا جبکہ اس ہی عالمی دنیا نے وزیراعظم عمران خان کی امن کے لیئے کی جانے والی کوششوں اور تمام معاملات کو ڈائیلاگ کے ذریعے حل کرنے کی پالیسی کو سراہتے ہوئے امن کے لیے پاکستان کے پوری دنیا کے لیئے امن کے لیئے اقدامات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے اندرونی مسائل سے عوامی توجہ ہٹانے کیلئے کسی بھی جعلی کارروائی کرنے سے پہلے اس بات کواپنے دماغ میں بٹھا لے کہ پاکستان کے پاس پوری دنیا کی بہترین فوج ہے جو دشمن کو اس ہی زبان میں جواب دینا جانتی ہے جو دشمن سمجھتا ہے اگر بھارت اپنی خیر چاہتا ہے تو پاکستانیوں سے دور رہے کیونکہ یہی اس کے لیئے اچھا فیصلہ ہوگا ورنہ پاک فوج اب کی بار پہلے سے زیادہ مارے گی کیونکہ یہ وہ فوج ہے جو ہر وقت الرٹ ہے ۔