کراچی: فکس اٹ کے بانی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رکن صوبائی اسمبلی عالمگیر خان نے کہا ہے کہ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتا ہوں کہ آج ہم ایک کیس جو سندھ حکومت نے جھوٹا مقدمہ بنایاتھا، اس میں با عزت بری ہوگئے ہیں۔
عالمگیر خان کا کہنا تھا کہ ہم کچھ عرصے قبل تین تلوار پر پانی اور سیوریج کی بدحالی پر احتجاج کیا تھا ، اُس دوران سعید غنی نے ہمارے پر امن احتجاج کو ختم کروانے کے لئے اپنے غنڈے بجھوائے،جنہوں نے ہمارے لوگوں کو تشدد کا بنا یا اور بے گناہ لوگوں کو گرفتار کرایا۔
آج دو سال بعد ہم نے عدالت سے جو اُمید باندھی تھی، ہم ہر پیشی پر آئے اور آج الحمد اللہ یہ کیس ختم ہوا۔ با عزت بری ہوئے، اس پر میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ عالمگیر خان نے کہا کہ یہ تحریک جدوجہد جاری رہے گی اور کراچی کے لوگوں کے حقوق اور ان کے مسائل پر ہم آواز بلند کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے بھی ان لوگوں نے ہم پر کیسز بنائے، چاہے وہ گٹر کے ڈھکن کا معاملہ ہویا وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج کا معاملہ ہو، ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں۔
سندھ حکومت عوام کے مسائل حل کرے ہم خاموش ہوجائیں گے۔ عالمگیر خان نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ سندھ حکومت عوامی خدمت میں بالکل فیل ہوچکی ہے، لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو کوئی ان کے خلاف آواز اٹھاتا ہے اس کے خلاف پوری سندھ کی مشینری تیار کردی جاتی ہے۔عالمگیر خان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے ہمارے ساتھ زیادتی کی ہے، ہم انہیں بھی عدالتوں میں گھسیٹیں گے۔