کراچی:وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ابو ظہبی میں پی ایس ایل کرانے کے لیے اعلیٰ حکام سے بات کرسکتا ہوں۔ پی ایس ایل حکام کوابوظہبی میں مشکلات ہیں تو مدد کیلیے تیار ہوں۔
ناصر حسین شاہ کی جانب سے اپنے ایک ویڈیو بیان میں ابوظہبی میں پاکستان سپر لیگ کرانے میں تعاون کی پیش کش کی گئی ہے۔
ناصر حسین شاہ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ اگر پی ایس ایل حکام چاہتے ہیں تومجھ سے فوری رابطہ کریں۔انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ وفاقی حکومت سندھ کے ساتھ زیادتی کر رہی ہے۔
وفاق کی جانب سے سندھ کو 84 ارب روپے کم دیئے گئے ہیں۔ناصرحسین شاہ کا کہنا ہے کہ 2010 میں آصف علی زرداری نے آخری بار این ایف سی ایوارڈ دیا، اب تک این ایف سی میں حصہ نہیں بڑھایا گیا۔
انہوں نے اپنے ویڈیو بیان میں مزید کہا ہے کہ صرف وعدے کیے جاتے ہیں پیسے نہیں دیے جاتے۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سندھ کے ساتھ زیادتیاں کررہی ہے۔