پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی سازش کے تحت چوروں کو ملک پر مسلط کیا گیا ہے، سارے عوام ان لوگوں کے خلاف ہیں، یہ لوگ انتخابات صرف امپائر ملا کر جیت سکتے ہیں، ہم نے اس کے باوجود ان کو شکست دینی ہے۔
پنجاب کے حلقے پی پی 158 میں تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ الیکشن صرف ایک حلقے کا نہیں پورے پنجاب اور پاکستان کا ہے، آپ سب نے ہر دروازے پر جاکر پیغام دینا ہے کہ جو لوگ اپنا ضمیر بیچ کر چوروں کے ساتھ مل جاتے ہیں ان کو شکست دینا ہم سب کا فرض ہے۔
عمران خان نے کہا کہ آئی جی راؤ سردار علی خان میں نے آپ کو اس لیے لگایا تھا کہ آپ ایماندار آئی جی ہیں جو کوئی غلط کام نہیں کرے گا، ان 20 انتخابات میں پولیس کا کیا رویہ ہوتا ہے اگر پولیس نے غلط کام کیا تو لوگ ساری زندگی راؤ سردار آپ پر انگلیاں اٹھائیں گے، پولیس کا حلف ہے کہ قانون کے مطابق چلنا ہے۔