اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے رکنِ پنجاب اسمبلی کی قرارداد پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم پی اے رخسانہ کوثر کے ہوتے ہوئے اسلام کو بیرونی سازشوں سے کوئی خطرہ نہیں کیونکہ یہ خود ہی کافی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ مملکت برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایم پی اے رخسانہ کوثر کی قرارداد شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ خاتون سپر مسلمان بننے کی دوڑ میں سب کو پیچھے چھوڑ گئی ہیں۔
پیغام میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارے ایوانوں میں کیسا کیسا ہیرا بیٹھا ہوا ہے؟ ان کے ہوتے ہوئے اسلام کو کسی بیرونی سازش سے کوئی خطرہ نہیں۔ یہ خود ہی کافی ہیں۔
دوسری جانب جس قرارداد پر فواد چوہدری نے سخت ردِ عمل ظاہر کیا ہے اس میں رکنِ پنجاب اسمبلی رخسانہ کوثر نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کسی کو اسلامی داڑھی پر ڈیزائن بنانے کی اجازت نہ دی جائے۔
پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرارداد میں ایم پی اے رخسانہ کوثر نے کہا ہے کہ داڑھی خاتم النبیین ﷺ کی سنت ہے جس پر کسی قسم کی ڈیزائننگ کرنا سخت گناہ اور سنتِ مبارکہ کی توہین ہے۔
قرارداد میں رکنِ پنجاب اسمبلی رخسانہ کوثر نے کہا کہ جو لوگ داڑھی پر ڈیزائن بناتے ہیں گناہ کے مرتکب ہوتے ہیں۔ اس لیے داڑھی پر ڈیزائن بنانے پر پابندی لگانے کیلئے قانون سازی کی جائے۔
رکنِ پنجاب اسمبلی نے قرارداد میں یہ مطالبہ کیا کہ جو لوگ داڑھی پر ڈیزائن بنواتے ہیں اور جو حجام ایسے ڈیزائن بناکر داڑھی کی توہین کرتے ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
یہ خاتون سپر مسلمان بننے کی دوڑ میں سب کو پیچھے چھوڑ گئی ہیں، کیسا کیسا ہیرا بیٹھا ہے ایوانوں میں ان کے ہوتے ہوئے اسلام کو کسی بیرونی سازش سے کوئ خطرہ ہی نہیں۔۔ خود ہی کافی ہیں۔۔۔ pic.twitter.com/H9ZPFMZDnN
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) July 16, 2020
یہ بھی پڑھیں: صوبے فنڈز ضلعی حکومتوں کو منتقل کریں۔فواد چوہدری
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








