چیئرمین سینیٹ کی مراعات میں اضافہ غریب قوم کیساتھ سنگین مذاق ہے، حسین محنتی

تازہ ترین

تازہ ترین

جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے چیئرمین سینیٹ کی غیر معمولی مراعات میں اضافے کے بل کی منظوری کو حکمرانوں کی بے حسی اور عوام کے زخموں پر نمک پاشی قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف ملک مقروض، ڈیفالٹ کے خطرے کی ذد میں ہے، عام آدمی مہنگائی کے اس طوفان میں دو وقت کی روٹی کیلئے پریشان ہے اور عوام کی ایک بڑی تعداد غربت کی لکیر کے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے، تو دوسری جانب مراعات یافتہ طبقہ کی عیاشیوں میں مزید اضافہ کیلئے قانون سازی ملک و قوم کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈوآدم میں دستک مہم کے ذریعے رابطہ عوام مہم اور ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔
محمد حسین محنتی نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ثابت ہوئی ہیں، بجٹ اعداد و شمار کے ہیر پھیر کے سوا کچھ بھی نہیں ہے، سود اور قرضوں کی معیشت میں عوام کو ریلیف دیا جا سکتا ہے اور نہ ہی ملک ترقی کر سکتا ہے۔
محمد حسین محنتی نے کہا کہ  اس وقت بھی ملک 60 ہزار ارب کا مقروض ہے، حکومت نے بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ٹیکسوں کی بھرمار کرکے ان سے زندہ رہنے کاحق بھی چھین لیا ہے، پورے ملک کو سودی معیشت کی لعنت اور آئی ایم ایف کی غلامی نے گھیرا ہوا ہے، جماعت اسلامی ہی امید کی آخری کرن ہے۔

Related Posts