کراچی:میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ مخیر حضرات اور اداروں کو کراچی کے لوگوں کی مدد کرنی چاہئے، کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث غریب بستیوں میں لوگ امداد کے منتظر ہیں سرکاری سطح پر یہ کام ممکن نظر نہیں آرہا، یہ بات انہوں نے سہراب گوٹھ پر واقع ایدھی ہوم کے دورے کے موقع پر کہی۔
اسسٹنٹ زونل انچارج ایدھی فاؤنڈیشن احمد ایدھی، علی فہد احمد اور کے ایم سی کے متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، میئر کراچی نے کہا کہ ٹیلی کام کے شعبے سے وابستہ کمپنی نے 500 راشن بیگز جس میں ایک ماہ کا راشن موجود ہے، کراچی بھیجے ہیں جو مستحقین میں تقسیم کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس کمپنی کی تقلید کرتے ہوئے دیگر سیلولر کمپنیاں بھی سامنے آئیں اور پاکستان بھر میں اپنے نیٹ ورک کے ذریعے لوگوں کی مدد کریں، انہوں نے کہا کہ پورے سال یہ کمپنیاں شہریوں سے اربوں روپے کا منافع حاصل کرتی ہیں اب پاکستانیوں کو ان کی ضرورت ہے۔
وسیم اختر نے کہا کہ لاک ڈاؤ ن میں بھی ٹیلی کام کمپنیوں کا کاروبار جاری و ساری ہے اس لئے وہ اس مشکل وقت میں لوگوں کی مدد کریں، میئر کراچی نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے ایسے موقع پر کروڑوں لوگ روزے رکھیں گے اور عبادات کریں گے لیکن انہیں اگر سحر و افطار میں کھانے پینے کی تکلیف کا سامنا ہوا تو مشکلات میں گھرے لوگ مزید مشکل سے دوچار ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان رحمتوں، برکتوں اور سعادتوں کا مہینہ ہے اس لئے ماہ مقدس کے پیش نظر ہر شخص اپنا کردار ادا کرے اور لوگوں کی پریشانیوں کو دور کرنے میں مدد فراہم کرے، میئر کراچی نے کہا کہ ایدھی فاؤنڈیشن فلاحی اور سماجی سرگرمیوں کے حوالے سے ایک نیک نام ادارہ ہے اور ایک طویل عرصے سے خدمات انجام دے رہا ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کے تحت بھی ہم اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد کو راشن فراہم کرچکے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے، میئر کراچی نے کہا کہ سماجی اور فلاحی تنظیمیں حکومت کی طرف نہ دیکھیں بلکہ اپنی مدد آپ کے تحت جو کچھ ممکن ہوسکتا ہے وہ کریں، انہوں نے کہا کہ کراچی بہت بڑا شہر ہے کوئی ایک تنظیم یا ادارہ اس کی ضرورت کو پورا نہیں کرسکتا۔
ا س لئے محلے اور علاقوں کی سطح پر کمیٹیاں بنا کر وہاں کے سفید پوش لوگوں کی فہرستیں مرتب کریں اور انہیں رازداری کے ساتھ راشن فراہم کریں، میئر کراچی نے اس موقع پر احمد ایدھی سے فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کی خیریت دریافت کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد صحت یات کرے اور وہ قرنطینہ سے نکل کر ایک بار پھر مستحقین اور غریبوں کی مدد کے لئے اپنا کردارادا کریں۔
میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز، یوسیز اور منتخب بلدیاتی نمائندے ہمہ وقت اس صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور جہاں تک ممکن ہے امدادی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ KKF کے پاس کراچی کے مستحقین کا ڈیٹا موجود ہے جو افراد یا ادارے لوگوں کی مدد کرنا چاہیں وہ ہم سے رابطہ کرسکتے ہیں تاکہ صحیح افراد تک راشن پہنچایا جاسکے۔
میئر کراچی نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کے پاس فنڈز محدود ہیں لیکن ان کے جذبے اور ہمت لا محدود ہے، کسی بھی صورت کراچی کے شہریوں کو اس سنگین صورتحال میں تنہا نہیں چھوڑیں گے اور نہ ہی وہ اپنے آپ کو تنہا محسوس کریں، ایدھی فاؤنڈیشن کے احمد ایدھی نے اس موقع پر میئر کراچی کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ایدھی ہوم تشریف لائے اور راشن کے انتظامات اور تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔