اسلام آباد: وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے عدلیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنی عزت و تکریم پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، پارلیمنٹ سے پیغام جانا چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق آج قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عدلیہ پہلے ہی پارلیمنٹ کے اختیارات میں کافی مداخلت کرچکی، ہمیں چاہئے کہ عدلیہ کو مزید مداخلت سے روکیں۔
عام انتخابات، الیکشن کمیشن کا پولنگ اسکیم ڈرافٹ تیار
اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیرِ صدارت اجلاس کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ فوجی عدالتوں میں شہریوں کے مقدمات کا کیس سپریم کورٹ میں لے جایا گیا، گزشتہ دورِ حکومت میں 24 سے 25 لوگوں کو فوجی عدالت نے سزا سنائی۔
وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ سپریم کورٹ کا بینچ ٹوٹ گیا ہے تاہم کیس کا فیصلہ آج یا کل آجائے گا۔ یہ معاملہ اٹھانے والے لوگوں کے سیاسی مفادات اور اپنی اپنی جماعتوں کے ساتھ تحفظات ہیں۔ ان جیسے جرائم تاریخ میں نہیں ملتے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ریاست ایسے جرائم کو برداشت کرنے کی متحمل نہیں ہوسکتی، ایک شہید کے جسدِ خاکی کو دشمن نے عزت سے ہمارے حوالے کیا، تاہم ان لوگوں نے اس شہید کے مجسمے سے کیا سلوک کیا؟سیاسی مقاصد کیلئے عزت و وقار داؤ پر نہ لگائیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ جا رہے ہیں، کوئی ورثہ چھوڑ جائیں۔ وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والے قوم کے محسن ہیں۔ ایوان سے اپیل ہے اپنی عزت کا تحفظ کرے۔ یہاں سے یہ پیغام جائے کہ پارلیمنٹ اپنی عزت و تکریم پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








