لاہور: عدالتِ عالیہ نے معروف صحافی عمران ریاض خان کو بازیاب کرنے کیلئے پولیس کو 10 روز کی مہلت دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینئر تجزیہ کار اور صحافی عمران ریاض خان کی بازیاتی کے متعلق درخواست کی سماعت لاہور ہائیکورٹ میں ہوئی۔ آئی جی پنجاب سمیت دیگر افسران ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔
پاک فوج کے خلاف اشتعال انگیزی، عادل راجہ لندن سے گرفتار
عدالت نے عمران ریاض بازیابی کیس میں پیش رفت کے متعلق استفسار کیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ اب ہم درست سمت میں اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اچھے نتائج کی امید ہے۔
سماعت کے دوران معروف صحافی عمران ریاض کے وکیل نے کہا کہ ہم ورکنگ کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے۔ آئی جی پنجاب نے عمران ریاض کی بازیابی کی کوشش کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا وکیل موصوف ورکنگ کمیٹی کی کاوش سے مطمئن ہیں؟ وکیل کا کہنا تھا کہ ہم عمران ریاض خان کی بازیابی چاہتے ہیں۔
وکیل نے کہا کہ آئی جی پنجاب سمیت پولیس ٹیم عمران ریاض کی بازیابی کیلئے کام کر رہی ہے۔ امید کرتے ہیں پولیس عمران ریاض خان کو جلد بازیاب کرائے گی۔
لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے کہ ہم عمران ریاض کی زندگی کیلئے دعا گو ہیں۔ کوشش بھی جاری ہے۔ بعد ازاں عدالتِ عالیہ لاہور نے عمران ریاض کی بازیابی کیلئے 10روز کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








