راولپنڈی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن بند گلی میں جارہے ہیں، ان کے ساتھ ہاتھ ہو جائے گا، انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والے لانگ مارچ کی تاریخ بتائیں،آپ کااستقبال کریں گے۔
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کاراولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مہنگائی اس لیے زیادہ ہوئی کہ چوروں نے بہت زیادہ لوٹا، ماضی میں ایسے معاہدے کیے گئے جس کی وجہ سے بجلی مہنگی کرنا پڑی، شیخ رشید رواں سال ہی مہنگائی اور بے روزگاری کو کنٹرول کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں وقت سے پہلے بات کرتا ہوں اور لوگ مذاق اڑاتے ہیں، میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا پی ڈی ایم والے استعفے نہیں دیں گے، ضمنی الیکشن میں حصہ لیں گے، میں نہیں چاہتا کہ پی ڈی ایم ایکسپوز ہوجائے، پی ڈی ایم کو کچھ نہیں ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم سے کہتا ہوں آئیں لانگ مارچ کی تاریخ بتائیں،آپ کا استقبال کریں گے، لیکن وہ اسی طرح آئیں جس طرح الیکشن کمیشن کے سامنے آئے اور بندے اپنے لائے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم 5 سال پورے کریں گے، اب تو بلاول زرداری بھی کہتے ہیں کہ عدم اعتماد لائیں گے، میں ان سے کہتا ہوں کہ عدم اعتماد ایک دفعہ نہیں سو دفعہ لائیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان لوگوں کا وقت ضائع کررہے ہیں، پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ اپنے مسائل خود حل کرلے گی، میں مولانا کا احترام کرتا ہوں، وہ بند گلی میں جارہے ہیں، ان کے ساتھ ہاتھ ہو جائے گا، ان سے کہتا ہوں کہ وہ مدرسے کے بچوں کو پڑھنے دیں۔