پشاور: رکنِ قومی اسمبلی منیر اورکزئی کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے کے بعد حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔
رکنِ قومی اسمبلی منیر اورکزئی نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا تھا جو مثبت نکلا جبکہ دو ماہ قبل قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وہ بیمار ہو گئے جس کے بعد گزشتہ ماہ کورونا وائرس سے صحتیاب بھی ہوئے تاہم آج ان کی حرکتِ قلب بند ہو گئی جس کے نتیجے میں منیر اورکزئی دارِ فانی سے رخصت ہو گئے۔
اس حوالے سے رکنِ قومی اسمبلی کے بھتیجے عرفان اللہ نے تصدیق کی کہ منیر اورکزئی آج صبح کے وقت حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے، ان کی عمر 60 برس تھی۔
منیر اورکزئی کے بھتیجے عرفان اللہ کے مطابق ان کی نمازِ جنازہ آج 3 بجے خیبر پختونخواہ کے ضلع کرم میں ادا کی جائے گی۔ گزشتہ ماہ 65 سالہ رکنِ پنجاب اسمبلی شاہین رضا کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوئی تھیں۔
ڈی سی گجرانوالہ سہیل اختر کے مطابق شاہین رضا لاہور کے میو ہسپتال میں زیرِ علاج تھیں جبکہ پہلے انہیں گجرانوالہ کے سول ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
پنجاب اسمبلی کی رکن شاہین رضا کو کورونا وائرس سے فیلڈ ہسپتال کے دورے کے دوران متاثر ہوئیں جس کے بعد وہ دورانِ علاج چل بسیں۔