اسلام آباد :پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما ء مصطفی نواز کھوکھر نے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان کی حیثیت سے استعفیٰ دینے کی تصدیق کردی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ میں نے چیئرمین کے ترجمان کی حیثیت سے استعفیٰ دیا ہے پیپلزپارٹی سے نہیں۔
انہوں نے لکھا کہ وہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہیں گے، انہوں نے کہا کہ میں نے بطور ترجمان ایمانداری، خلوص اور ملک اور پارٹی کے بہترین مفاد میں مشورے دئیے۔
خیال رہے کہ مصطفی نواز کھوکھر کے استعفے نے ان افواہوں کو سچ کردیا جو گزشتہ روز سے زیر گردش تھیں اس استعفے کے باقاعدہ اعلان سے سے قبل باخبر ذرائع نے بتایا تھا کہ کو مصطفی نواز کھوکھر کچھ دنوں سے پارٹی قیادت سے ناخوش اوربے چین تھے۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی کے اقلیتی رکن قومی اسمبلی نوید عامر نے بھی اپنا استعفیٰ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کو بھجوادیا۔
حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے استعفے جمع کرانے کی ہدایات کے بعد اراکین کی جانب سے استعفوں کا سلسلہ ہفتہ کو جاری ہے۔
پیپلزپارٹی کے ایک اور رکن قومی اسمبلی نوید عامر نے اپنا استعفیٰ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کو بھجوایا جس میں انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کے ہرفیصلے کے ساتھ ہیں۔
اقلیتی رکن قومی اسمبلی نوید عامر جیوا قومی اسمبلی میں اقلیتوں کے لیے مختص نشست پر 2018 میں رکن بنے۔