راولپنڈی: نیب راولپنڈی نے مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرشہبازشریف کومیٹرو منصوبے کیس میں 24 اگست کو طلب کرلیا۔
شہبازشریف کو منگل کے روزنیب راولپنڈی کی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔نیب نے احسن اقبال کے بھائی مصطفیٰ کمال کی کمپنی کو دیئے ٹھیکوں کی تفصیلات سمیت پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
مصطفیٰ کمال کی کمپنی کو میٹرو منصوبے کی تزئین و آرائش اور لینڈ اسکیپنگ کا ٹھیکہ دیا گیا تھا۔نیب ذرائع کے مطابق مصطفیٰ کمال کی کمپنی کوٹھیکہ شہبازشریف کی منظوری سے دیا گیا۔
راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے حاصل معلومات کے مطابق بھی ٹھیک رُولزکے خلاف دیا گیا۔ نیب راولپنڈی میٹرومنصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کررہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے ساتھ ایف آئی اے تفتیشی ٹیم نے غیر مناسب رویہ رکھا، ایف آئی اے تفتیشی ٹیم نے میرے ساتھ بیہودہ گفتگو کی۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ ایف آئی اے تفتیشی ٹیم کا رویہ مجھ سے برداشت نہ ہوا،میں نے کھڑے ہوکر کہا کہ میرے ساتھ ایسا کیوں کررہے ہو ؟۔
انہوں نے کہاکہ ایف آئی اے افسران اونچی اونچی آواز میں ہنس کر میرا مذاق اڑاتے رہے ،میں نے شوگر ملز میں اپنی فیملی کے اربوں روپے کا نقصان کیا ،میں نے بیواؤں اور پنجاب کی غریب عوام کی خدمت کی۔