لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے ہاؤسنگ اسکیم کیس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف کو آج طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق احتساب بیورو(نیب) لاہور نے رکنِ قومی اسمبلی خواجہ آصف کو کینٹ ہاؤسنگ اسکیم سیالکوٹ میں مبینہ کرپشن کے الزام کی تحقیقات کیلئے متعلقہ دستاویزات کے ہمراہ دفتر طلب کیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف پر الزام ہے کہ انہوں نے قانونی طور پر قبضے میں لی گئی زمین سے زیادہ زمین فروخت کی اور ن لیگ کے دورِ اقتدار کے دوران دئیے گئے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف کے ساتھ ساتھ ان کے اہلِ خانہ پر بھی نیب نے مقدمے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل الزامات کا جواب دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ پارٹی میں میرا کوئی دھڑا نہیں، میری سیاست کا محور نواز شریف ہیں۔
خواجہ آصف نے 5 روز قبل بیان میں کہا کہ بڑی پارٹیوں میں دھڑے ہونا نئی بات نہیں،اختلافات ہوتے رہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور حمزہ شہباز کا سیاست میں اپنا اپنا مقام ہے،ان کے قائد بھی نوازشریف ہیں۔
مزید پڑھیں: پارٹی میں میرا کوئی دھڑا نہیں۔خواجہ آصف
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








