کراچی:صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے اسلام آباد میں سرکاری ملازمین پر لاٹھی چارج، آنسو گیس اورشیلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی لاوا ابل رہا ہے، حکومت مظاہرین کے سامنے ٹھہر نہیں سکتی۔
سید ناصرحسین شاہ نے کہا ہے کہ سیاسی اورمطالبات کے احتجاج پرغیرانسانی تشددکی مذمت کرتے ہیں۔پرامن احتجاج پر آنسو گیس اور شیلنگ،نالائق حکومت نے اپنی نااہلی کا ثبوت دیا ہے،وفاقی حکومت سرکاری ملازمین کے مطالبات مان لیتی تو ایسی صورتحال پیدا نہ ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں احتجاج کرنے والی پارٹی سرکاری ملازمین کے احتجاج سے گھبراگئی ہے،پرامن احتجاج کرنے والے گرفتار ملازمین کو حکومت فوری طورپر رہا کرے،سرکاری ملازمین آج بھی پیپلزپارٹی حکومت کویاد کرتےہیں۔
صوبائی وزیرنے کہا کہ اس نااہل حکومت کے خلاف وفاقی ملازمین کو احتجاج کرنے کا پورا حق ہے،نیازی صاحب آپ کسی کا گلا دبائیں اور اسے کہیں کہ احتجاج بھی نہ کرو ایسا ممکن نہیں،ان کا کہنا ہے کہ عمران خان صاحب یاد رکھیں عوامی لاوا تیزی سےابل رہا ہے، تم اس کے آگے ٹھہر نہیں سکو گے۔