راولپنڈی : پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فاروق میر کا کہنا ہے کہ حکومت نواز شریف کو پاکستان واپس لانے کیلئے اقدامات کررہی ہے، لاہور میں درج مقدمہ سے تحریک انصاف کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
پاکستان تحریک انصاف راولپنڈی کینٹ کے انفارمیشن سیکریٹری فاروق میر نے ایم ایم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ 2 جو ایف آئی آر میاں محمد نواز شریف اور آزاد کشمیر کے صدر کیخلاف درج کی گئی تھی اس میں پاکستان تحریک انصاف کا کوئی کردار نہیں ہے۔
اس ایف آئی آر کا فائدہ صرف اور صرف میاں محمد نوازشریف کو پہنچا ہے کیونکہ میاں نواز شریف عدالتوں سے سزا یافتہ ہیں اور وہ حکومت پاکستان سے اپنا علاج کرانے کا جھوٹ بول کر 8ہفتوں کی مہلت لے کر برطانیہ گئے اور اپنے قیام کو مزیدطوالت دینے کیلئے انہوں نے قانونی طور پر اپنے سابق رکن کے ذریعے مبینہ طور پر ایف آئی آردرج کرائی جس میں سزائے موت کی دفعات جان بوجھ کر درج کرائی گئیں تاکہ وہ ان دفعات کو بنیادبنا کر برطانیہ میں سیاسی پناہ حاصل کرسکیں۔
برطانیہ کے قانون کے مطابق سزائے موت کے پیش نظر اپیل کرنے والے کو سیاسی پناہ دیدی جاتی ہے، انہوں نے کہاکہ ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں مسلم لیگ کی قانونی ٹیم کوبرطانیہ میں تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد اس ایف آئی آر کی ضرورت تھی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے وزیر فواد چوہدری پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ پی ٹی آئی کے کسی بھی کارکن نے یہ ایف آئی آر درج نہیں کرائی۔
پی ٹی آئی کو اس ایف آئی آر کے اندراج سے کوئی فائدہ نہیں،انہوں نے کہاکہ میں عوام پر واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ اس ایف آئی آر کے اندراج کے باوجود ہماری حکومت پوری کوشش کررہی ہے کہ میاں محمدنواز شریف کو پاکستان لایا جائے اور وہ اپنے کیسزکا عدالتوں میں سامنا کریں۔