کراچی :سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر صوبائی وزیر سعید غنی پیپلزپارٹی سندھ کے سیکریٹری جنرل وقارمہدی کاکہنا ہے کہ 18 اکتوبر کا جلسہ حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک میں ہراول دستہ ہوگا،18اکتوبر کو منفی سیاست کو دفن کردیں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ و سابق صوبائی صدر پیپلز پارٹی سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت کراچی ڈویژن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اجلاس میں پی پی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری جاوید ناگوری، ایم این اے شاہدہ رحمانی، آصف خان، شکیل چوہدری، تمام اضلاع کے صدور، جنرل سیکرٹری، انفارمیشن سیکرٹریز، سٹی ایریا کے صدور و جنرل سیکرٹری سمیت دیگر ذمہ داران نے شرکت کی ۔
اجلاس کے آغاز پر شہید ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ بے نظیر بھٹو، شہدا کارساز سمیت پارٹی کے دیگر شہدا جبکہ پارٹی کے سینئر رہنما راشد ربانی، جام مدد علی اور دیگر کی صحت کے لیے دعا کی گئی.اجلاس میں 18 اکتوبر کے جلسہ کے حوالے سے کی جانے والی تیاریوں، جلسہ میں شرکت سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔
سابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہاکہ ہمیں 18 اکتوبر کے جلسے کو مکمل ایس او پیز کے ساتھ تاریخی جلسہ بنانا ہوگا،یہ جلسہ حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک میں ہراول دستہ ہوگا۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے کہاکہ ہمیں اس جلسہ سے ثابت کرنا ہے کہ کراچی بھٹو کا تھا ہے اور رہے گا،موجودہ نااہل حکمرانوں نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، حکمرانوں سے نجات کے لئے بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلزپارٹی عوامی حقوق کی جنگ لڑے گی، 11 سیاسی جماعتوں کی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی حکومت مخالف تحریک عوام کے حقوق کے لیے ہے۔
وقار مہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی کے عہدیدار 18 اکتوبر کو مکمل ذمہ داری کے ساتھ اپنے اپنے پی ایس اور سٹی ایریا سے ریلیوں کی صورت میں وقت سے پہلے ہی جلسہ گاہ پہنچ جائیں،ہمیں اپنے چیئرمین کے اس عزم کو پورا کرکے دکھانا ہے اور یہ ثابت کرنا ہے کہ حکومت سے نجات کی تحریک میں جیالے پیش پیش ہونگے اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔
انہوں نے بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے پارٹی کے جیالوں کی جانب سے نکالی جانے والی کراچی یکجہتی ریلی کے کامیاب انعقاد پر تمام کارکنوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
پیپلزپارٹی کراچی کے سیکریٹری جنرل جاوید ناگوری نے کہاکہ 18 اکتوبر کے جلسہ کو تاریخ ساز بنانے کے لئے رابطہ عوام مہم کو تیز کرنا ہوگا اور جلسہ میں عوامی شرکت اور اسے تاریخ ساز بنانے کے لئے بلاول بھٹو کے پیغام اور پی ڈی ایم بیانیے کو گھرگھر پہنچانا ہوگا ۔