کراچی: جے یو آئی ف کے رہنما راشد سومرو نے کہا ہے کہ میڈیا پر سربراہ جے یو آئی (ف)مولانا فضل الرحمان اور سندھ حکومت کے درمیان کشیدگی کی خبریں بے بنیاد ہیں، ان خبروں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان نجی مصروفیات کی بنا پر کل ہونے والے جلسے میں شرکت نہیں کریں گے۔ایسا نہیں ہے کہ مولانا فضل الرحمن اور سندھ حکومت کے درمیان کوئی کشیدگی ہے۔
جے یو آئی (ف) کے رہنما راشد محمود سومرو نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی پوری قیادت کل ہونے والے جلسے میں شرکت کرے گی اور شہیدمحترمہ بے نظیر کو خراج عقیدت پیش کرے گی۔
واضح رہے کہ میڈیا پرلاڑکانہ میں من پسند افسران کی پوسٹنگ کروانے پر پاکستان پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف)میں کشیدگی کے باعث مولانا فضل الرحمان کی کل کے جلسے میں شرکت نہ کرنے کی خبریں زیر گردش ہیں،جے یو آئی (ف) کے رہنماء راشد سومروکی جانب سے ایسی تمام بے بنیاد خبروں کی تردید کی ہے۔