کراچی:سندھ اسمبلی قائدحزب اختلاف حلیم عادل شیخ کے ترجمان نے الزام عائد کیاہے کہ حلیم عادل شیخ کی کسی سے ملاقات نہیں کروائی جارہی اورگھر سے بھیجا گیا کھانا بھی کئی گھنٹوں کی تاخیر سے دیا جاتا ہے۔
ترجمان نے حلیم عادل شیخ کو دوران پولیس حراست سہولیات نہ دینے پر جاری بیان میں کہا کہ قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کو سی آئی یو سینٹر صدر میں رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حلیم عادل شیخ سے کسی کی ملاقات تک نہیں کروائی جارہی ہے۔ترجمان نے الزام لگایا کہ گھر سے بھیجا گیا کھانا بھی کئی گھنٹوں کی تاخیر سے دیا جاتا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ رات دیر تک پولیس کے مختلف افسران کو تفتیش کے لئے بھیجا جاتا ہے۔ پولیس اراکین اسمبلی کی بھی ملاقات نہیں کروا رہی۔ پولیس پیپلز پارٹی کی بی ٹیم کے طور پر سامنے آچکی ہے۔