ملتان:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور انہیں یہ باور کرانے کی ضرورت ہے کہ ایک متبادل جماعت ہے جو ان کی داد رسی کر سکتی ہے، جس دن وہاں کے عوام قائل ہو گئے تو سندھ میں بھی خوشگوار تبدیلی نظر آئے گی۔
پی پی38 سیالکوٹ عرصہ دراز سے مسلم لیگ(ن)کے کنٹرول میں تھا اور وہاں سے وہ کامیابیاں حاصل کرتے رہے لیکن عوام نے وہاں کایا پلٹی اور تحریک انصاف کے نامزد کردہ امیدوار کو منتخب کیا، یہ ایک ابھرتا ہوا ٹرینڈ ہے اور ہمیں اسی ٹرینڈ کو آگے لے کر چلنا ہے۔
میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم نے صوبہ سندھ میں کام شروع کردیا ہے اور وزیر اعظم کی سربراہی میں سندھ کے سیاسی رابطوں کے بارے میں حکمت عملی طے پائی ہے۔
میں خود بھی کراچی گیا تھا جہاں کچھ دوستوں سے بھی ملاقات ہوئی ہے جبکہ آئندہ آنے والے دنوں میں مزید دوستوں سے ملاقات ہو گی تاکہ ہم سندھ کے عوام سے رجوع کریں، وہاں متعلقہ مسائل کو سمجھ کر ان کا حل تلاش کریں اور وہاں کے عوام کو متبادل بھی فراہم کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا تجزیہ یہ ہے کہ سندھ کے لوگ تبدیلی چاہتے ہیں، انہیں قائل کرنے کی ضرورت ہے کہ اب ایک متبادل جماعت ہے جو ان کی داد رسی کر سکتی ہے اور جو ان کے مسائل کو حل کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے، مجھے یقین ہے کہ جس دن وہ قائل ہو گئے تو آپ سندھ میں بھی حیرت انگیز اور خوشگوار تبدیلی دیکھیں گے۔
انہوں نے ملتان کی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید کے دنوں میں سالڈ ویسٹ ٹھکانے لگانا بہت بڑا چیلنج ہوتا ہے لیکن انہوں نے اس سال ماضی سے بہتر کام کیا اور ہمیں اس حوالے سے بہت اچھی رپورٹ موصول ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں: ہر اس فیصلے کی مخالفت کریں گے جس سے عام آدمی کی معیشت متاثر ہوگی، فواد چوہدری
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








