پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی

کراچی:پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پاکستان زندہ باد ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں مرکزی قیادت، اراکین صوبائی و قومی اسمبلی سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی کا آغاز مزار قائد وی آئی پی گیٹ سے ہوا جو شاہراہ فیصل سے ہوتی ہوئی تین تلوار پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں کارکنان نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے پاک افواج زندہ باد کے نعرے لگائے۔

ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف سندھ فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ آج کی ریلی افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لئے نکالی گئی۔ ایاز صادق نے اسمبلی میں جو بیان دیا اسکی مذمت کرتے ہیں۔

ہم میر صادق اور میر جعفر کے بیانئے کی مذمت کرتے ہیں۔ آج کی ریلی بھارت کے لیے بھی ایک پیغام ہے کہ کسی ایک وطن فروش کے بیان پر شادیانے بجانے سے پہلے یہ دیکھ لے کہ 22 کروڑ عوام اپنی افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

پوری قوم پاکستان فوج کے ساتھ ہے۔ پاکستانی فوج کی لازوال قربانیوں کے سبب ہم آج اسلامیہ جمہوریہ پاکستان میں آزادی سے رہ رہے ہیں۔ پاکستان فوج نے ہمیشہ اپنی بہادری کے جھنڈے گاڑے ہیں اور دشمنوں کے دانت کھٹے کیے ہیں۔

پاکستانی فوج سے محبت و اظہار یکجہتی کے لیے آج ہزاروں شہری سڑکوں پر آئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر لے کر جائیں گے۔ پاکستان کی معیشت بہتر ہو رہی ہے۔

صدر پی ٹی آئی کراچی خرم شیر زمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے آج یہاں جمع ہوئی ہے۔ شہریوں نے بڑی تعداد میں ریلی میں شرکت کر کے خود افواج پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

ریلی کا مقصد افواج پاکستان اور اداروں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا اور ان بے ضمیر لوگوں کو پیغام دینا ہے کہ وطن فروشوں کے بیانات محب وطن پاکستانیوں کے دل سے پاک فوج کی محبت نہیں نکال سکتے۔ پوری قوم اور پی ٹی آئی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے محافظوں کیخلاف متنازعہ بیانات دے کہ ایاز صادق نے ملک دشمن ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ اس بیان پر بھارت جشن منا رہا ہے۔ مگر آج پوری قوم نے ایاز صادق اور بھارت کو افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کر کے منہ توڑ جواب دے دیا ہے۔

Related Posts