اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت تباہ ہوگئی ہے اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمیں بے بنیاد الزامات کا سامنا ہے ۔ قومی احتساب بیورو جو کچھ کررہا ہے اس کی حقیقت پورے پاکستان پر واضح ہوگئی ہے کیونکہ ایسے کیسزسیاسی دباؤکے لئے بنائے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمران جھوٹے الزامات لگا کر ہم کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ بات یقینی ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس کے بعد تمام اپوزیشن جماعتیں جیل میں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ کبھی مسلم لیگ (ن) کے رہنما شہباز شریف ، کبھی احسن اقبال اور کبھی میرے خلاف بے بنیاد کیسز بنادیئے جاتے ہیں جبکہ نارووال اسپورٹس سٹی کیس کا ریفرنس آج تک نہیں بن سکا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ وہ این آر او نہیں دیں گے لیکن اپنے آس پاس کرپٹ افراد کو جمع کررکھا ہے، اپوزیشن کو بے بنیاد کیسز بناکر نشانہ بنایا جارہا ہے۔