کراچی:پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ این اے 249 کے مسائل اور انکے حل کو ہم سے بہتر کوئی نہیں جانتا، تمام سیاسی جماعتوں نے مکمل طور پر نظر انداز کیا ہے، عوام نے پی ایس پی پر اعتماد کیا تو ان کو انشا اللہ مایوس نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلدیہ ٹاؤن کے علاقے میں آخری بار پانی اور دیگر سہولیات میرے دور نظامت میں ملیں۔ میں نے اسٹیڈیم اور بس ٹرمینل، درجنوں پارکس بنا کر دیئے۔ لیکن افسوس سب کچھ تباہ کردیاگیا۔
مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ میرا کردار سب کے سامنے ہے، کرپشن نہیں کی اور نہ کوئی انڈسٹری لگائی ہے۔ عوام کی خدمت میرا روزگار نہیں ہے۔ کراچی کے مسائل کراچی والا ہی سمجھ سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے گزشتہ پانچ سال میں ایک بھی یو ٹرن نہیں لیا۔ لوگ ہمارے کردار اور قابلیت کی وجہ سے رنگ، نسل، زبان کی تفریق کے بغیر ہمارے ساتھ جڑ رہے ہیں۔
پی ایس پی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا کہ چالیس سالوں سے جاری بندوق اور گولی کی سیاست کو پی ایس پی نے پھولوں سے ختم کردیا ہے، یہ حالیہ انسانی تاریخ کا معجزہ ہے۔