لاہور: وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف نے مصر میں بھی مانگنا شروع کردیا، شرم الشیخ جا کر بھی شرم نہیں آئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے جہانیاں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام عمران خان کا ساتھ دیں جو قائدِ اعظم کے بعد پہلا سچا لیڈر ہے، قوم عمران خان ملنے پر شکر بجالائے اور اس کیلئے دعا بھی کرے۔
زخمی ہونے کے بعد پہلا پروگرام، عمران خان پنڈی مارچ میں کیسے پہنچیں گے؟
جلسے سے خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی کے ساتھ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔ پاکستان عمران خان کی قیادت میں ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ گرین پاسپورٹ کی عزت دنیا بھر میں ہوگی۔
خطاب کے دوران چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ن لیگ کو ایسی مار دیں گے کہ دوبارہ اٹھ نہیں سکے گی۔ شہباز شریف کو مصر کے شہر شرم الشیخ جا کر بھی شرم نہ آئی، مانگنے کا ڈھنگ بھی نہیں آیا۔ باہر جا کر ملک کو بدنام کرتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شہباز شریف باہر جا کر کہتا ہے مجھے بھیک دے دو۔ ڈر تھا وہ کہیں واپسی کا ٹکٹ ہی نہ مانگ لیں۔ نواز شریف اور ن لیگ نے عوام کیلئے کچھی کچھ نہیں کیا۔ دونوں شریف برادران نے عوام کی بھلائی کا کبھی نہیں سوچا۔
چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پیسے بنانے کیلئے آنے والے حکمرانوں کے کام میں برکت نہیں آتی۔ ہم نے اپنے سابق دور میں قومی خزانے میں 400 ارب روپے سرپلس چھوڑ دئیے تھے۔ جہانیاں کی کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جہانیاں میں ٹراما سینٹر بنائیں گے، جہانیاں کے علاوہ کچا کھو میں بھی بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی کے کیمپس قائم ہونگے۔ گرلز ڈگری کالج اپ گریڈ کریں گے۔ نیا چلڈرن ہسپتال بنائیں گے۔ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو 40 کی جگہ 150 بیڈز تک اپ گریڈ کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








