اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا جس میں 37 ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا جس میں قومی و اقتصادی امور پر اہم فیصلے ہوں گے۔ 37 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے علاوہ پینل سرچارج کے خاتمے کا معاملہ بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں اسلام آباد کے سیکٹر ای 11 کے مسائل کے حل کیلئے سفارشات پیش کی جائیں گی۔ وفاقی کابینہ چیف ماہر شماریات کی تعیناتی کی منظوری دے گی۔ انڈس واٹر کمشنر کے اضافی چارج کا بھی فیصلہ ہوگا۔
وفاقی کابینہ اوگرا کے ممبر فنانس کی تعیناتی کی منظوری بھی دے گی۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں قومی و اقتصادی معاملات پر دیگر امور بھی زیرِ غور آئیں گے جن پر تبادلۂ خیال اور اہم فیصلے متوقع ہیں۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ اجلاس کے دوران پاک فضائیہ اور بحریہ کو سرکاری زمین سے قبضے ختم کرنے کی ہدایت کی گئی۔
آج سے 3 ہفتے قبل وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت منعقعد ہوا جس میں اہم قومی و سیاسی امور پر گفتگو اور اہم فیصلے کیے گئے۔
کابینہ اجلاس کے دوران پاکستان نیوی اور ائیر فورس کو ہدایت کی گئی کہ قبضہ کی گئی سرکاری زمینیں خالی کردیں جس میں خاص طور پر اسلام آباد کے نیشنل پارک کا علاقہ شامل تھا۔
مزید پڑھیں: کابینہ کی فضائیہ و بحریہ کو سرکاری زمین سے قبضے ختم کرنے کی ہدایت
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








