وزیرِ اعظم ملک بھر میں ٹرینیں چلانے کے معاملے پر اہم اجلاس کی صدارت کریں گے

تازہ ترین

تازہ ترین

وزیرِ اعظم ملک بھر میں ٹرینیں چلانے کے فیصلے پر اہم اجلاس کی صدارت کریں گے
وزیرِ اعظم ملک بھر میں ٹرینیں چلانے کے فیصلے پر اہم اجلاس کی صدارت کریں گے

اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان آج ملک بھر میں ٹرینیں چلانے کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں لاک ڈاؤن کے دوران ٹرینوں کے ذریعے ملک بھر میں پاکستانی شہریوں کی آمدورفت کے ممکنہ امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔

کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ ہے جس کے دوران ذرائع آمدورفت، ٹرانسپورٹ اور ٹرینیں مکمل طور پر بند ہیں  جن کی بحالی کے حوالے سے اس اجلاس میں اہم امور زیرِ غور آئیں گے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سہ پہر 3 بجے ہونے والے اجلاس میں ایس او پیز (اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پراسیجرز) کے تحت ٹرینیں چلانے کی اجازت متوقع ہے جبکہ وزارتِ ریلوےعید الفطر سے قبل 30 ٹرینیں چلانے کا اعلان کرچکی ہے۔

وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام پر مشتمل اجلاس کو ریلوے کی موجودہ صورتحال اور ایس او پیز پر ممکنہ عمل درآمد کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ ایس او پیز کے تحت ملک بھر میں ٹرینیں چلانے کی اجازت دی جاسکتی ہے یا نہیں جبکہ گزشتہ میٹنگ کے دوران سندھ اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں نے ملک بھر میں ٹرینیں چلانے کے فیصلے کی مخالفت کی تھی۔

شیخ رشید احمد ہفتے کے روز ریلوے ٹکٹس کی قیمتوں میں 50 سے 60 فیصد کمی کا اعلان کرچکے ہیں تاہم قیمتوں میں یہ کمی ٹرینوں کا آپریشن بحال کرنے کے فیصلے سے مشروط ہے جبکہ وزیرِ ریلوے کے مطابق یہ فیصلہ وزارت کے لیے مالی خسارے کا باعث ہوسکتا ہے۔ 

Related Posts