اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ ن نے سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کا باضابطہ طورپر فیصلہ کرلیا ہے۔پیر کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا گیا، مریم نواز نے فیصلے سے پارلیمانی پارٹی کو آگاہ کردیا ہے جب کہ پارلیمانی پارٹی ارکان نے فیصلے کی حمایت کی ہے۔
پاکستا ن مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی نے نوازشریف کے بیانیے اور اصولی تاریخی موقف کی مکمل تائید وحمایت کردی جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)نے موجودہ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک میں مسلط حکومت تباہی کی علامت بن چکی ہے،داخلی اور خارجہ سطح پر پاکستان کو ایک ’فیل ریاست‘ بنایاجارہا ہے۔
پاکستان کے اثاثے ضبط ہونے سے ایک طرف عالمی سطح پر پاکستان بدنام ہورہا ہے، قیمتی اثاثے چھینے جارہے ہیں ،قومی شرمندگی کی ذمہ دار سلیکٹڈ، نااہل، چور اور غیرملکی سرمائے سے مسلط ہونے والی حکومت ہے،قرض کے حصول کے لئے موٹرویز، ہوائی اڈے اور ایف نائن پارک جیسے قومی اثاثے گروی رکھے جارہے ہیں،قومی اثاثوں کو احمقانہ اور جاہلانہ انداز میں گروی رکھنے کا عمل فوری ختم کیاجائے ۔
پاکستان کی ’ساورن گارنٹی‘ تسلیم نہ کئے جانے کی اطلاعات پر شدید تشویش ہے ،ایل این جی کی درآمد میں مجرمانہ تاخیر اور گیس سیکٹر کے حوالے سے حکومت کے عاقبت نااندیشانہ اقدامات سے صورتحال سنگین سے سنگین تر ہوئی، ملک گیر بجلی کے شٹ ڈاون کی تحقیقات کرائی جائیں،گندم کے سیزن میں گندم اور آٹے کا بحران اور چینی کے کرشنگ سیزن میں چینی کا بحران اور ہوشربا قیمت موجودہ حکومت کی زرعی شعبے میں سنگین ترین ناکامیوں اور کرپشن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
کھاد کی قیمتوں میں مزید اضافہ جلتی پر تیل ڈالنے کے مترادف ہے،پاکستان کے اندر اداروں میں ریٹائر اور حاضر سروس فوجی حکام کی تقرریاں عملا ملک میں مارشل لاء کی تصویر پیش کررہی ہیں ،تنازعہ جموں وکشمیر پر پاکستان اپنا روایتی مقدمہ سردخانے کی سپرد کرچکا ہے جو ہماری خارجہ پالیسی کی تاریخی ناکامی کا مظہر ہے۔
شہبازشریف، حمزہ شہباز، خواجہ آصف اور خورشید شاہ کی ناحق گرفتاری اور قیدوبند کی قابل مذمت حرکتیں حکومتی بوکھلاہٹ اور ‘ووٹ کو عزت دو‘ بیانیے کی کامیابی کا ثبوت ہے، فارن فنڈنگ کیس میں پی ڈی ایم کی پیش کردہ یاداشت پر الیکشن کمیشن فوری عمل کرے اور 23 خفیہ بنک اکاونٹس سمیت تمام دستاویزات قوم کے سامنے لائے۔
فارن فنڈنگ، 23 خفیہ اکاونٹس، مالم جبہ، ہیلی کاپٹرکیس، بی آرٹی، بلین ٹری سونامی، آٹا، چینی چوری کے مقدمات کی روزانہ بنیادوں پر سماعت کی جائے۔ پیر کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قومی اسمبلی کے ارکان پر مشتمل پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا جس میں ملک کی مجموعی صورتحال پر غور وخوض کیاگیا اومتفقہ قراردادمنظور کی گئی جس میں کہاگیاکہ اجلاس ملک میں مہنگائی کی تازہ لہر پر شدید احتجاج کرتا ہے جو عوام کی برداشت سے باہراور ان پر ظلم ہے۔
اجلاس نے نشاندہی کی کہ قائد محمد نوازشریف کے دور میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اور آج کے نرخوں میں زمین آسمان کا فرق آچکا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ایک کلو چینی 55 روپے تھی جو آج 100 روپے سے تجاوز کرچکی ہے۔