کراچی، قومی اسمبلی کے 2 حلقوں میں پولنگ شروع، سکیورٹی سخت

تازہ ترین

تازہ ترین

پولنگ
(فوٹو: آن لائن)

کراچی میں قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 237 ملیر اور این اے 239کورنگی میں پولنگ شروع کردی گئی۔ دونوں حلقوں کے حساس پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی اراکین نے چیئرمین تحریکِ انصاف کی ہدایت پر این اے 237 اور این اے 239 سے استعفے دے دئیے تھے۔ خالی ہونے والی نشستوں پر ضمنی انتخاب آج ہورہا ہے۔ پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا۔

آج صبح سے شروع ہونے والی پولنگ شام 5بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔ سکیورٹی انتظامات کیلئے فوج اور رینجرز کو فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے اختیارات حاصل ہیں۔ دونوں حلقوں میں انتخابی کیمپ آفسز میں انتخابی سامان کی ترسیل مکمل کر لی گئی تھی۔

پولنگ کے آغاز سے قبل الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے دونوں حلقوں کے کیمپ آفسز کا دورہ کرکے انتخابی سامان کا جائزہ لیا۔ان کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

اعجاز انور چوہان نے کہا کہ سکیورٹی کے انتظامات غیر معمولی ہیں۔ ہر پولنگ اسٹیشن پر 8 سے 10 پولیس اہلکار موجود ہوں گے۔ پاک فوج اور رینجرز کو اختیارات دے دئیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی الیکشن آج ہورہا ہے۔ پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں سے خالی ہونے والی نشستوں پر مختلف جماعتوں کے امیدوار میدان میں ہیں۔

واضح رہے کہ حلقہ این اے 239 میں رجسٹرڈ ووٹرز 5 لاکھ 81 ہزار 888 جبکہ این اے 237 میں 2 لاکھ 94 ہزار 699 ہیں۔ این اے 239 میں 330 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

Related Posts