اسلام آباد : جہانگیر ترین گروپ کے دباؤ پروزیر اعظم عمران خان نے اپنے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کو ہٹانے کی حامی بھر لی ہے جس پر آئندہ چند روز میں عمل ہوجائیگا۔
پاکستان تحریک انصاف کے اعلیٰ ترین ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ جہانگیر ترین کے خلاف ایف آئی اے کے عدالت میں جمع کرائے گئے جواب اور شدید سیاسی دباؤ کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کو عہدے سے ہٹانے پر پارٹی رہنماؤں کو رضامندی ظاہر کردی ہے،جہانگیر ترین کے علاوہ خیبر پختونخوا سے بھی بڑی طاقتور سیاسی شخصیت نے اعظم خان کو ہٹانے کی درخواست کی تھی۔
دوسری طرف جہانگیر ترین گروپ نے کیسز سے نکالے جانے کی بجائے شفاف تحقیقات کے لیے اعظم خان اور شہزاد اکبر کے مستعفی ہونے کی مانگ کی ہے۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین گروپ اور خیبر پختونخوا کی سیاسی شخصیت کے مطالبے کو سامنے رکھتے ہوئے اعظم خان کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم بیرسٹر شہزاد اکبر کے معاملہ میں وزیر اعظم نے حامی نہیں بھری ہے ،بیرسٹر شہزاد اکبر کے معاملے میں کسی بھی درخواست یا دباؤ کو خاطر میں نہ لانے کا فیصلہ کیا ہے اور شہزاد اکبر کو اپنی بھرپور سپورٹ اور کام جاری رکھنے کا کہا ہے۔