اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ پنجاب حکومت کا نہیں بلکہ وسائل کی تقسیم کا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ وزرائے اعلیٰ کو جو صوابدید فنڈز دئیے جاتے ہیں وہ آئین کے آرٹیکل اے 140 کی خلاف ورزی ہے۔
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ وفاق ایک فارمولے کے تحت صوبوں میں فنڈز تقسیم کرتا ہے، صوبائی سطح پر اسی طرح کے فارمولے کے تحت فنڈز کی تقسیم ہونی چاہئے۔
فواد چوہدری نے پنجاب حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وزرائے اعلیٰ خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں اور یہ عوامی مفاد کے خلاف ہے۔
مسئلہ پنجاب حکومت کا نہیں وسائل کی تقسیم کا ہے، وزرائے اعلیٰ کےپاس صوابدیدی فنڈ آرٹیکل 140-A کی خلاف ورزی ہے جیسے فارمولے کے تحت فنڈز وفاق صوبوں میں تقسیم کرتا ہے اسی طرح صوبائ سطح پر اضلاع میں فنڈز تقسیم ہونے چاہئیں۔ وزرائے اعلیٰ خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں یہ عوامی مفاد کیخلاف ہے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) January 17, 2020
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر فواد چوہدری نے پرویز مشرف کے خلاف فیصلہ سنانے والی خصوصی عدالت کی تشکیل کو غیر آئینی دینے کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے اسے قانونی اور اخلاقی طور پر درست قرار دیا۔
ٹوئٹر پر چار روز قبل اپنے پیغام میں وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پر ویز مشرف کے خلاف فیصلہ پہلے دن سے ہی متنازع تھا۔
مزید پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ درست ہے، فواد چوہدری
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








