کراچی : ریجنل دعوۃ سینٹر (سندھ) کراچی، دعوۃ اکیڈمی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ، اسلام آباد کے زیر اہتمام (20 تا 21 ستمبر 2021) دو روزہ تربیتی ورک شاپ کا انعقاد کیا گیا۔ پروفیسر سلیم مغل نے کیریئر کونسلنگ کے موضوع پر طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو چاہیے کہ اپنا ذوق اور رجحان دیکھتے ہوئے مستقبل کی منصوبہ بندی کریں۔
انہوں نے کہا کہ کاغذ اور قلم کے ذریعے طلبہ اپنی ذہنی اور علمی صلاحیتوں کو بڑھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دور جدید میں کمپیوٹر، عالمی زبان اور اپنے مضمون میں مہارت حاصل کرنے والے طلبہ جلد ترقی حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو کامیابی حاصل کرنے کے لیے بنیادی گر بتاتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ طلبہ اپنی ابلاغی صلاحیتوں کو فروغ دے کر کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔

اس سے قبل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شہزاد چنا نے کہا کہ طلبہ مستقبل کے معمار ہیں اور ریجنل دعوۃ سینٹر کے زیر اہتمام اس پروگرام کا مقصد یہ ہے کہ ہم طلبہ میں کیریئر کونسلنگ کریں اور انہیں جدید دنیا میں متعارف ہونے والے نئے مضامین اور نئے رجحانات سے آگاہ کریں۔
پروگرام کے دوسرے دن طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے ماہر تعلیم اور تربیت کار تسنیم الحق فاروقی نے کہا کہ طلبہ ملک کا روشن مستقبل ہیں اور کسی بھی قوم کی کامیابی میں نوجوانوں کا بنیادی کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے مطالعے میں وسعت کے لیے لائبریریوں کا دورہ کریں اور کتاب سے دوستی رکھیں۔
ریجنل دعوۃ سینٹر (سندھ) کراچی کے انچارج ڈاکٹر سید عزیزالرحمن نے دو روزہ تربیتی ورک شاپ میں طلبہ کے لیے موضوعات کے انتخاب کے ساتھ تمام امور کی نگرانی کی۔
پروگرام کے دوران طلبہ کو شاہ محی الحق فاروقی اکیڈمی لائبریری اور کمپیوٹر سینٹر کا دورہ بھی کرایا گیا۔ اس موقع پر بلوچستان ریزیڈیشنل کالج خضدار (BRC) کے اسسٹنٹ پروفیسر انعام اللہ مینگل نے دعوۃ اکیڈمی کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم امید کرتے ہیں مستقبل میں بھی دعوۃ اکیڈمی میں طلبہ کے لیے اس طرح کے پروگرام کا انعقاد ہوتا رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پمز اسپتال کے پارکنگ ایریا میں نامعلوم شخص کی لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی، مقدمہ درج
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








