لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ سینٹ انتخابات سے پہلے حکومت کے خاتمے کا اپوزیشن کا خواب کبھی پورا نہیں ہوسکتا،سینٹ اور عام انتخابات اپنے وقت پر ہی ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف کی حکومت سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی اور کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جارہا۔ وہ اتوار کے روز ماڈل ٹاؤن میں وفاق المدارس الشیعہ کے بانی صدر مولانا صفدر حسین نجفی کی برسی اور علامہ نیاز نقوی کے چہلم میں شر کت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پی ڈی ایم جلسوں پر نظر ثانی کرلے تو اچھا ہوگا تاکہ ملک کو کورونا کے حوالے سے امر یکہ جیسے حالات سے بچایا جاسکے حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین وقانون کی حکمرانی یقینی بنائے۔
جہاں بھی اپوزیشن قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کر یگی وہاں سخت ایکشن لیا جائیگا،گور نر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی واضح اور دوٹوک پالیسی ہے کہ کر پشن کے خاتمے اورشفاف احتساب پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن یہ بات کر ناچاہتی ہے کہ احتساب کا عمل ختم کر دیا جائے تو ایسا کسی صورت ممکن نہیں ہوگا وہ جتنے مر ضی جلسے کر لیں حکومت کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑیگا۔
چوہدری محمدسرور نے کہا کہ (ن) لیگ سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں سے کہنا چاہتاہوں کہ زندہ لوگ ہی سیاست کرتے ہیں اس لیے سب سے پہلے لوگوں کی زندگیوں کا سوچنا چاہیے اگر زندہ رہیں گے تو پھر جب تک مر ضی سیاست کر یں مگر موجودہ حالات سیاست کرنے کے نہیں بلکہ کورونا کیخلاف جنگ لڑ نے کے ہیں۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے وفاق المدارس الشیعہ کے بانی صدر مولانا صفدر حسین نجفی کی برسی اور علامہ نیاز نقوی کے چہلم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں شخصیات نے اسلام اور انسانیت کی خدمت کی ہے یہ دونوں علما اتحاد امت کے متحرک اور مسلمان کو متحد کرنے والے تھے مرحوم علما ؤکو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے نقش قدم پر چلنا اور ان کے کاموں کو جاری رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب و مسالک کو مل جل کر رہنا ہے ا مت مسلمہ کے اتحاد کیلئے ہمیں مل جل کر کام کرنا ہوگاپاکستان میں اتحاد بین المسلمین کے لئے علما کا کردار قابل تحسین ہے غیر مسلم اقلیتوں کے تحفظ اور کرونا کے حوالے سے علما کا کردار قابل تحسین ہے۔