وزیراعلیٰ پنجاب کی تحریک انصاف کے رہنماؤں اور عہدیداروں سے ملاقاتیں

تازہ ترین

تازہ ترین

cm punjab meetings
cm punjab meetings

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر  ترین، وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید اور دیگر اہم رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں ہوئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی تحریک انصاف کے سینیئر رہنما جہانگیر خان ترین سے ملاقات جس میں اہم سیاسی امور اورمجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف متحد ہے، افواہیں پھیلانے والے پہلے بھی ناکام رہےتھے اور اب بھی ناکام رہیں گے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں کوئی فارورڈ بلاک ہے، نہ پریشر گروپ، اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں اور پنجاب حکومت کے تمام اسٹیک ہولڈرز ایک صفحے پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اختلاف کا پراپیگنڈا کرنے والوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہوں گے اور ڈیڑھ برس میں وہ کام کیے جو ماضی کی حکومتیں برسوں میں نہ کرسکیں۔

اس موقع پر جہانگیر ترین نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سب کو ساتھ لے کر چل رہی ہے، ہمارا مقصد نیک اور درست ہے، اختلاف رائے جمہوریت کا حسن اور حصہ ہے لہٰذا مل کر عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی بھی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، فلاح عامہ کے منصوبوں، راولپنڈی کے ترقیاتی منصوبوں اورسیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نئے پاکستان میں ہر علاقے کو یکساں ترقی دے رہے ہیں، ماضی کی طرح مخصوص شہروں کے لیے وسائل مختص نہیں کیے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے انصاف لائرز فورم کے وفد کی بھی ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے وکلاء برادری کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی، وزیراعلیٰ کہنا تھا کہ ہر طبقے کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ میں خود وکیل ہوں اور وکلاء کے مسائل کا ادراک ہے، عام آدمی کو انصاف مہیا کرنے کے لیے وکلاء برادری کا کلیدی کردار ہے، وکلاء برادری کو صحت انصاف کارڈ بھی دیں گے، لاہور بار کے اسپتال کے لیے فنڈز دیئے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایم ایل ون مکمل ہونے کے بعد مستعفی ہوجاؤں گا، شیخ رشید کا اعلان

Related Posts