کراچی پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کے گھر کا دوبارہ گھیراؤ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کے اہلکار قائدِ حزبِ اختلاف سندھ اسمبلی کے گھر پہنچ گئے۔ رہائش گاہ کو گھیرے میں لے کر حلیم عادل شیخ کے متعلق پوچھ گچھ بھی کی گئی۔حلیم عادل شیخ کے خلاف مقدمات درج ہیں۔
اینٹی انکروچمنٹ کی ٹیم نے اپوزیشن لیڈر کے ملازمین سے مختلف سوالات پوچھے۔ دوسری جانب رکنِ سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے چھاپہ مار کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہراسگی کا عمل تشویشناک ہے۔
سابق صدر پی ٹی آئی کراچی اور رکنِ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں حالات کشیدہ کرنے پر تل گئی ہے، سیاسی اختلاف کے باعث اداروں کو استعمال کرنے کا عمل قابلِ برداشت قرار نہیں دیاجاسکتا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی حلیم عادل شیخ کے گھر پر ان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا گیا تاہم اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی گھر پر دستیاب نہ تھے۔ سابق وزیرِ بحری امور علی زیدی نے واقعے کی مذمت کی تھی۔