وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کو نہ روکا گیا تو قوم کو حادثے سے دوچار کر دے گا۔
لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے بریگیڈیئر محمد خالد کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ملک کی حفاظت ہو، قدرتی آفات ہو یا جنگ ، پاک فوج کا کردار اعلٰی رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ پوری قوم پاک فوج اور شہدا کا دلی احترام رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ منفی مہم چلانے والے گمراہی کا شکار ہیں، پوری قوم نےمنفی پروپیگنڈے کو مستردکردیا ہے جب کہ سوشل میڈیا پر مہم چلانے والوں کی نشاندہی بھی ہوچکی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا سربراہ قوم کو گمراہ و تقسیم کر رہے ہیں، افغانستان نے کبھی پاکستان پر الزام نہیں لگایا لیکن یہ لوگ لگا رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میرےحق میں بات کرنے پر فواد چوہدری کی پارٹی میں چھترول ہوئی تھی، اسی لئے اب فواد میرے خلاف بات کرکے خود کو بیلنس کرتے ہیں، کہتے ہیں 13 اگست کو جلسہ کریں گے پھر ایک ماہ کا الیٹی میٹم دیں گے۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے سیاسی کردار کے علاوہ ملک کے 22 کروڑ عوام میں سے کوئی ایک آدمی نہیں جو پاک فوج کے کردار کو نہ سراہتا ہو، پاک فوج کے خلاف ٹرینڈ چلانے والے گمراہی کا شکار ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کا سربراہ قوم کو تقسیم اور گمراہ کررہا ہے، اس کا ادراک کیا جائے، اگر اسے قوم کو مزید تقسیم کرنے کا موقع ملا تو یہ ملک کو کسی حادثے سے دوچار کردے گا، ان کا حال یہ ہے کہ افغانستان نے آج تک ایمن الظواہری پر ڈرون حملے کا الزام پاکستان پر نہیں لگایا لیکن یہ بدبخت الزام لگارہے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد کوئی شک و شبہ نہیں رہا کہ عمران خان فارن ایجنٹ ہے اور وہ غیر ملکی پیسے کے ذریعے ملک میں انارکی کی جانب گامزن ہے۔ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا، سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر ہونےکی دیر ہے عمران خان نااہل ہوجائے گا۔