راولپنڈی:یونین کونسل 31 ظفرالحق روڈ محلہ حکم داد کا ٹیوب ویل پچھلے دو دنوں سے خراب ہے،اہلیان علاقہ کا پانی کی سپلائی نہ ملنے پر شدید احتجاجی مظاہرہ، واسا کے دفتر کا گھیراؤ کرنے کی دھمکی۔
واضح رہے کہ واسا حکام کی مجرمانہ غفلت ولاپرواہی سے موٹروں کی ناقص وائنڈنگ کرائی جاتی ہے، جس کی وجہ سے آئے روز ٹیوب ویل کی موٹریں جل جاتی ہیں۔یہی نہیں موٹریں جلنے کی صورت میں واسا حکام پانی کے ٹینکر بھی نہیں بھیجتے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ پچھلے تین مہنیوں میں چھ مرتبہ موٹریں جل چکی ہیں،جس کی وجہ سے اہلیان علاقہ بچے خواتین بزرگ دور دراز علاقوں، نجی کنوؤں، ہینڈ پمپوں سے پانی بھر کر لانے پر مجبور ہیں۔
بارہا درخواستیں بھی دیں جا چکی ہیں لیکن ایم ڈی واسا کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ کل تک ٹیوب ویل ٹھیک نہ ہوااور پانی کی سپلائی بحال نہ ہوئی تو واسا دفتر کا گھیراؤ اور دھرنا دیں گے۔
ظہیراحمداعوان چیئرمین سٹیزن ایکشن کمیٹی کا کہنا تھا کہ پانی نہ ہونے کے باعث ہم انتہائی مشکل میں ہیں،بچے عورتیں سارا دن کام کاج چھوڑ کر پانی کی تلاش میں رہتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کا فوری حل نکالا جائے۔