اسلام آباد: سابق وزیراعظم و پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہمارا الیکشن چوری ہوا تھا، الیکشن کمیشن کا عملہ چوری ہوگیا،الیکشن کمیشن آئین کے تحت ذمہ داری پوری کرے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 میں ضمنی الیکشن کے حوالے سے شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ بھونڈے طریقے سے الیکشن چوری کرنے کی کوشش کی گئی ہے، پولیس خاموش تماشائی بنی کھڑی رہی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم نے پولنگ کیلئے اضافی وقت مانگا تھا، لیکن کوئی اضافی وقت نہیں دیا گیا،ریٹرننگ آفیسر کوئی بات سننے کو تیار نہ تھے، شدید دباؤ کا شکار تھے، پریذائیڈنگ افسران نے بہانے پیش کئے ۔
انہوں نے کہا کہ لوگ بتاتے ہیں سویلین کپڑوں میں لوگ پریذائیڈنگ افسران کو لے گئے، 20 پولنگ اسٹیشن ریٹرننگ آفیسر کے دفتر سے 15 سے 20 کلومیٹر دور تھے، 20 پولنگ اسٹیشن کے پریذائیڈنگ آفیسر بھی لاپتا ہوگئے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ جب تک الیکشن چوری ہوتا رہے گا ملک نہیں چل سکتا، جب یقین ہو ملک میں قانون نہیں تو ایسے کام کئے جاتے ہیں، پوری انتظامی مشنری بے بس کھڑی ہے، شاہد خاقان عباسی 20 پریذائیڈنگ افسر اور تھیلے غائب ہیں، کسی نے کہا عینک گم ہوگئی تھی، کسی نے کہا نیند آگئی تھی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ 20 پولنگ اسٹیشن پر 88 فیصد پولنگ ہوئی ہے،حلقے کے 361 پولنگ اسٹیشن ہیں، 341 کا رزلٹ آگیا، 20 پولنگ اسٹیشن کا رزلٹ نہیں آیا، ہمارا الیکشن چوری ہوا تھا، الیکشن کمیشن کا عملہ چوری ہوگیا، الیکشن کمیشن آئین کے تحت ذمہ داری پوری کرے۔