عوام کی حالت قابل رحم، ڈالر، بجلی، گیس اور آٹا مزید مہنگا ہوگا۔ شیخ رشید

تازہ ترین

تازہ ترین

سی پی او آفس کے لینڈ لائن نمبر پر سابق وزیر داخلہ شیخ رشید پر حملےکی دھمکی آمیزکال موصول ہوئی ہے۔
سی پی او آفس کے لینڈ لائن نمبر پر سابق وزیر داخلہ شیخ رشید پر حملےکی دھمکی آمیزکال موصول ہوئی ہے۔

راولپنڈی: سابق وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عوام کی حالت قابلِ رحم ہوچکی ہے جبکہ ڈالر، بجلی، گیس اور آٹا مزید مہنگا ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مہنگائی کا تناسب 30 فیصد پر جا پہنچا ہے اور نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 5 روپے فی یونٹ اضافے کی سمری بھیج کر مہنگائی کی ماری عوام کو مزید خوفزدہ کردیا۔

یہ بھی پڑھیں:

حکومت عام انتخابات بر وقت کرانے کیلئے پر عزم ہے۔احسن اقبال

ٹوئٹر پیغام میں سابق وزیرِ داخلہ نے کہا کہ 1 ارب ڈالر کی پہلی قسط تو مفتاح بھی لے آیا تھا۔ ڈار کے پاس کئی پلان تھے، لیکن بالآخر انہیں اور وزیر اعظم کو آئی ایم ایف کے آگے ایک سال ضائع کرنے اور گھٹنے ٹیکنے کے علاوہ کوئی اور پلان نہیں ملا۔

پیغام میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ بیمار معیشت اور بد حال عوام کی حالت قابلِ رحم ہے۔ ڈالر، بجلی گیس اور آٹا مزید مہنگا ہوگا۔ پاکستان دیوالیہ سے بچ گیا لیکن دیوالیہ کی تلوار لٹک رہی ہے۔ 4 ارب ڈالر ایک ماہ کی پاکستان کی امپورٹ کی ضرورت ہے۔

سابق وزیرِ داخلہ نے کہا کہ شرحِ نمو 0 ہے، ایکسپورٹ بڑھ نہیں رہی۔ ترسیلات آ نہیں رہی۔ ادائیگیاں پاکستان کے زرِ مبادلہ ذخائر سے 6گنا زیادہ ہیں۔ جس کو دبئی کی اہم سیاسی میٹنگ میں شامل نہیں کیا گیا وہ مولانا فضل الرحمان بھی صدارت کے امیدوار ہیں۔

عوامی لیگ کے سربراہ نے کہا کہ فضل الرحمان نگراں حکومت میں زیادہ حصہ مانگ رہے ہیں۔ بلاول نے امریکا میں لمبی تان لی، زرداری کی خاموشی معنی خیز ہے اور نواز شریف عبادت میں مصروف ہے۔ غریب جائے بھاڑ میں، انہیں اقتدار کی بندر بانٹ سے فرصت نہیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ عوام کو قومی معاملات میں شریک نہ کیا جائے تو سیاسی، معاشی اور اقتصادی بحران بڑھتا چلا جائے گا۔ نگراں حکومت کے آنے پر اندازہ ہوجائے گا کہ الیکشن کب اور کس معیار کے ہونے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر پی ڈی ایم نے نگراں حکومت کے عہدوں کی بندر بانٹ میں چالاکی دکھائی تو الیکشن وقت سے پہلے ہی متنازعہ ہوجائیں گے۔ عوام اب بے شعور نہیں، باشعور ہوچکی ہے اور سب کچھ سمجھتی ہے۔ اگر نگراں حکومت نے اپنوں میں بانٹا اور غریب کو ڈانٹا تو مسائل مزید سنگین اور گھمبیر ہوجائیں گے۔ 

Related Posts