کراچی: وزیر اطلاعات اور بلدیات سندھ سید ناصر حسین کا کہنا ہے کہ فواد چودھری زرداری فیملی کے خلاف بیان درازی کر کے اپنا سیاسی قد بڑھانے کی کوشش کر دہے ہیں اور اپنی نوکری پکی کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری کےبیان پر ردعمل دیتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سید مراد علی شاہ ایک انتہائی کامیاب اور طاقتور وزیراعلیٰ ہیں، وزیراعلیٰ سندھ کی صلاحیتیوں سے وفاق نہ صرف پریشان ہے بلکہ خوف زدہ ہے۔ مراد علی شاہ کے خلاف وفاق سازشیں کر رہا ہے ہمیں سب معلوم ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر شاہ نے کہا ہے کہ فواد چوہدری سندھ حکومت سے این ایف سی کے تحت دیئے گئے فنڈز کا حساب لینے کا حق نہیں رکھتے۔ ہاں، یہ سندھ اسمبلی کو حق ہے کہ سندھ حکومت سے پائی پائی کا حساب لے اور یہ حساب سندھ حکومت اسمبلی میں دیتی ہے۔
سید ناصر حسین کا نے کہا ہے کہ فواد چوہدری پنجاب کے وزیراعلیٰ کے خلاف سازشیں کرتے رہتے ہیں سب جانتے ہیں کہ فواد چوہدری وزیراعلیٰ پنجاب بننا چاہتے ہیں۔
پانی کی تقسیم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے ارسا کو یرغمال بنارکھا ہے، پنجاب نے غیرقانونی طور پر چشمہ جہلم کینال کھول کر سندھ کے پانی پر ڈاکا ڈالا ہے۔ فواد چوہدری پہلے چشمہ جہلم کینال کھولنے کا جواب دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پانی نگرانی کرنے اور منصفانہ تقسیم کرنا ارسا کا کام ہے، وفاقی حکومت ارسا کو کام کرنے دے اور انکے معاملات میں ٹانگ اڑانا بند کرے، فواد چوہدری سندھ کی نگرانی کے خواب دیکھنا بند کریں۔
وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے جو غیرقانونی فنڈز اپنے سندھ کے ایم پی ایز کو دیئے ہیں انکا حساب دیں، وفاقی حکومت اب براہ راست اپنے ایم پی ایز کے ذریعے یونین کاؤنسل میں کام کروا کر کرپشن کررہی ہے، اس کرپشن کا حساب سے وفاقی حکومت کو دینا ہوگا۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر شاید ربڑ اسٹیمپ اپنے سلیکٹڈ وزیراعظم کو کہ رہے تھے، فواد چودھری نے اپنے پہلے دور کی اطلاعات کی وزارت میں میڈیا ہاؤسز کو تباہ کیا، فواد چودھری کا کردار صحافت کا گلا گھوٹنے والے وزیر میں لکھا جائے گا۔ فواد چوہدری کو ملک کی میڈیا انڈسٹری اور ورکرز کو اس کا حساب دینا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگ کی حکومت نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا کیس بگاڑا ہے، شاہ محمود قریشی
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








