کراچی:متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے سندھ اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈرخواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ حکومت اگر نالوں پر قائم تجاوزارت توڑیں،گوٹھ توڑیں تو ایم کیو ایم اس اقدام کی مکمل حمایت کرے گی۔
سندھ میں آج نہیں تو کل صوبہ ضرور بننا ہے،سندھ حکومت نے للکارنے والا لب و لحجہ اختیار کرلیا، اس کا انہیں کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔خصوصی گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کراچی کامسئلہ کراچی میں ہی حل ہوسکتا ہے۔
شہر قائد کا مسئلہ سیاسی نہیں بلکہ احساسِ ذمہ داری کا ہے، پیپلزپارٹی نے الزامات عائد ہونے کے باوجود اپنی روش تبدیل نہیں کی اور نہ ہی شہر کے لیے کوئی کام کیا۔
خواجہ اظہار الحسن نے کہاکہ سندھ کسی کی ذاتی جاگیر نہیں بلکہ پاکستان کا ایک صوبہ ہے، صوبے پر جتنا حق ان کا ہے اتنا ہی تمام پاکستانیوں کا بھی ہے۔
ناجائز تجاوزات کے سوال کا جواب دیتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے کہاکہ نالوں پر تجاوزارت ایم کیو ایم نے نہیں کرائیں، میئرکراچی نے انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران 11 ہزار غیرقانونی مکانات مسمار کیے، مگر پی پی نے آج تک کچھ نہیں کیا۔