کراچی: نوکری دلانے کا جھانسہ دے کر نوجوان کو پنجاب سے کراچی بلواکر منشیات کے مبینہ جھوٹے مقدمے میں گرفتار کروانے میں ملوث ایس ایچ او تھانہ رضویہ کے خلاف اعلیٰ پولیس افسران نے تحقیقات کا حکم دے دیا، ڈی ایس پی ناظم آباد سب ڈویژن پرویز اختر بنگش انکوائری افسر مقرر، متاثرہ خاندان کے بیانات قلمبند کرلئے گئے۔
ذرائع کے مطابق ناظم آباد میں واقع آٹا چکی کے مالک شاہد نامی شخص نے اپنے ہی دیرینہ ملازم شہزاد پر نقدی چوری کا الزام لگایا تھا۔تحقیقات کیلئے اصل ملزم تو ہتھے نہ چڑھا تاہم ایس ایچ او نے خاتون کے ذریعے ملزم کے کزن عدنان جتوئی ولد فضل حسین جتوئی کو ڈرائیونگ کی ملازمت پر رکھنے کیلئے بذریعہ کال کراچی بلوایا۔
عدنان گولیمار چورنگی پہنچا تو اسے دھر لیا گیا، تین روز تک عدنان کو نامعلوم مقام پر حبس بیجا میں رکھا گیا،نوجوان پر تشدد بھی کیا جاتا رہا نوجوان کے لواحقین نے جب ایس ایچ او سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ عدنان چوری کے مقدمے میں گرفتار ہے۔
ذرائع کے مطابق عدنان کے ورثاء نے جب شعبہ تفتیش سے رابطہ کیا تو انہوں نے عدنان کی گرفتاری اور چوری کے مقدمہ کے اندراج کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا۔ 13 جولائی کو ہی شعبہ تفتیش نے تصدیق کی کہ عدنان کو 135 گرام چرس کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیا پر خبریں چلنے کے بعد ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ نے ڈی ایس پی ناظم آباد سب ڈویژن پرویز اختر بنگش کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دےدیا ہے۔
مبینہ ملزم عدنان کے ورثاء کے بیانات قلم بند کر لیے گئے تاہم آٹا چکی کے مالک شاہد نے نہ صرف بیانات قلمبند کرانے سے انکار کردیا بلکہ چوری کے الزامات سے بھی منحرف ہوگیا۔
نا حق گرفتار ہونے والے ملزم عدنان کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ہمارے بچے کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج ہوا ہے، ہمارے بیٹے کو چوری کی تحقیقات کیلئے بلوایا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ کرائم ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی جائے آج تک ہمارے بیٹے کے خلاف کوئی مقدمہ درج ہوا نہ ہی اسکا کوئی کرائم ریکارڈ ہے۔
ایس ایچ او اور نامعلوم خاتون کے موبائل فون کا سی ڈی آر نکلوایا جائے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔ مبینہ ملزم عدنان کو جیل سے ضمانت پر رہا تو کردیا گیا ہے تاہم ملزم عدنان کا موبائل فون تاحال ایس ایچ او مظفر صدیقی کے پاس ہے۔
مزید پڑھیں:سرجانی میں اراضی کے تنازعہ پر گولیاں چل گئیں، پولیس خاموش تماشائی بن رہی
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








