لندن: سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے خواجہ آصف کی آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتاری پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ڈراما ہے اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اس طرح کے ہتھکنڈوں سے کمزور نہیں ہوگی۔
نواز شریف نے لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آمدن سے زائد اثاثے کیا ڈراما ہے؟، انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں اس سے بڑا کوئی ڈراما ہم نے کبھی زندگی میں نہیں دیکھا، آمدن سے زائد اثاثے کیا کیس، کیا احتساب ہے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ‘اگر یہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے پی ڈی ایم کی تحریک کمزور پڑ جائے گی تو یہ ناتجربہ کار اور نااہل لوگ ہیں، انہیں سمجھ نہیں ہے’۔
نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ انہیں سمجھ ہی نہیں ہے کہ ملک کیسے چلاتے ہیں یا ان کو سمجھ نہیں ہے، احتساب کس کا نام ہے اور انہیں سمجھ نہیں ہے کہ پاکستان کو کس طرف لے کر جارہے ہیں۔