کراچی: کورنگی انڈسٹریل ایریا کے پانچ ہزار روڈ اور نالے کی تعمیر کراچی پیکیج سے کی جائے گی اور پی ٹی اے کے تعاون سے چمڑے کی مصنوعات کی فیکٹریوں سے نکلنے والے کیمکل ملے ہوئے پانی کو صاف کرنے کے لئے جدید ترین ٹریٹمنٹ پلانٹ لگایا جائے گا تاکہ اس پانی کو شجر کاری اور دیگر کاموں کے لئے استعمال کیا جاسکے، یہ بات ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ ہر کام حکومت تنہا نہیں کرسکتی اداروں کا تعاون ضروری ہے،اس علاقے میں 175 سے زائد انڈسٹریز موجود ہیں اور پاکستان میں چمڑے کی مصنوعات کے حوالے سے کورنگی انڈسٹریل ایریا کا یہ علاقہ اور یہاں تیار کی جانے والی مصنوعات سب سے زیادہ ہیں۔
ٹینری ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ بلال کالونی، مہران ٹاؤن اور شریف آباد کے رہائشی پانچ ہزار روڈ پر اپنے گھروں کا کچرا ڈالتے ہیں جبکہ لینڈ مافیا نے اس روڈ پر تجاوزات قائم کردی ہیں۔
پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسلام، سابق چیئرمین گلزار فیروز، کاٹی کے سابق صدر دانش خان، وائس چیئرمین ٹینرز ایسوسی ایشن طارق محمود، انفراسٹرکچر کمیٹی کے چیئرمین عزیز احمد سمیت تاجروں اور صنعتکاروں کی ایک بڑی تعداد نے ظہرانے میں شرکت کی۔
قبل ازیں ایڈمنسٹریٹر کراچی نے پانچ ہزاروڈ کا دورہ کیا اور وہاں پر چمڑے کی صنعت سے وابستہ فیکٹریوں کے مالکان اور ملازمین کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا، انہوں نے ٹینرز ایسوسی ایشن کے زیر انتظام ٹریٹمنٹ پلانٹ کا بھی دورہ کیا جہاں پر چمڑے کی مصنوعات تیار کرنے والی فیکٹریوں سے استعمال شدہ پانی ٹریٹمنٹ پلانٹ کے ذریعے صاف کیا جاتا ہے۔
بعدازاں پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے مرکزی دفتر میں خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ اس سے بڑے پیمانے پر زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ پانچ ہزارروڈ کی تعمیر کے ساتھ ساتھ نالے کی تعمیر،سیوریج لائن، گرین بیلٹ، سڑکوں کے سائن بورڈ اور شجر کاری ایک ساتھ کی جائے گی تاکہ اس علاقے کی صورتحال نمایاں بہتر ی آئے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے کیونکہ انڈسٹریز کے چلنے سے لاکھوں لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آتے ہیں اور ملک کو ٹیکس کی صورت میں ایک معقول رقم حاصل ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ چمڑے کی مصنوعات سے اس علاقے میں 45 ہزار سے زائد لوگ وابستہ ہیں اور انہیں روزگار کے مواقع میسر ہیں۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ جس طرح گجر نالے اور محمود آباد نالے سے تجاوزات ہٹائی گئی ہیں اسی طرح پانچ ہزار روڈ کے نالے سے بھی تجاوازت کا خاتمہ کیا جائے گا،کیوں کہ تجاوزات سے علاقے کی صورت حال ابتر ہوجاتی ہے اس موقع پر گلزار فیروز، عزیز احمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔