کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بھی شرح سود میں کمی کا گہرا ثر پڑنے لگا، 100 انڈیکس میں 203.43 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد 34 ہزار کی نفسیاتی حد ایک مرتبہ پھر بحال ہو گئی۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز تیزی کا رجحان دیکھنے کو ملا۔ رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران حصص مارکیٹ میں تیزی کے باعث 34 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی۔
آج کے دن کاروبار کا آغاز محتاط انداز میں ہوا، پہلے ہی گھنٹے کے دوران 88 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی، تیزی کا تسلسل آگے بڑھ کر چلتا رہا، تاہم سرمایہ کار شرح سود میں کمی کا انتظار کرتے رہے (واضح رہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرح سود میں مزید ایک فیصد کمی کر دی ہے جس کے بعد شرح 19 ماہ کی کم ترین سطح 8 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔
ایک موقع پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 34041.44 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا تھا تاہم کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 203.43 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 34008.33 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
آج کے دن کے دوران کاروبار میں 0.6 فیصد بہتری دیکھی گئی جبکہ 12 کروڑ 22 لاکھ 59 ہزار 585 شیئرز کا لین دین ہوا۔موجودہ صورتحال کے باعث سرمایہ کارووں کا اعتماد کافی حد تک بحال ہوگیا ہے۔