کراچی: مسجد نبوی میں وزیر اعظم کے وفد پر نعرے بازی کرنے والے پاکستانی کو تین سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے وفد کے ہمراہ سعودیہ کے دورے اور عمرہ کے دوران نعرے بازی کرکے اس کی ویڈیو وائرل کرنے والے ایک نوجوان طاہر ملک کو تین سال کی قید اور 10 ہزار ریال جرمانے کی سزا دے دی گئی۔ ملزم کو سزا کیخلاف اپیل کیلئے 30 روز کا وقت دیا گیا ہے۔
وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کا وفد رمضان میں سعودی عرب دورے پر گیا تھا جس میں کابینہ کے متعدد اراکین بھی شامل تھے۔ بعض اراکین کی عمرہ ادائیگی کے دوران پاکستانی نوجوانوں نے شدید نعرے بازی کی تھی اور ویڈیو بنا کر وائرل کی تھی۔ اس عمل کے خلاف پاکستان میں شدید تنقید کی گئی تھی۔
تاہم مسجد نبوی کی بے حرمتی کرنے ، آوازیں کسنے کی ویڈیو بنانے والے محمد طاہر ملک نامی پاکستانی کو سعودی عرب میں 3 سال قید اور 10 ہزار ریال جرمانہ کی سزا سنا دی گئی ہے ۔
دستاویزات کے مطابق مدینہ منورہ کی کرمنل کورٹ نے پینل سرکٹ کی جانب سے تمام ثبوت و شواہد اور مدعا علیہ کے اعتراف کے بعد سزا سنائی ہے ۔ مدعا علیہ محمد طاہر ملک نے اعتراف کیا کہ اس نے ممنوعہ مقام پر ویڈیو بنائی اور بعد ازاں اپنے ٹک ٹوک اکاونٹ پر پوسٹ کی تھی ۔
فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ ملزم محمد طاہر ملک پاکستانی نے مسجد نبوی کے صحن میں پاکستانی حکومتی ذمہ دار خاتون کے خلاف احتجاج کیا اور بعد ازاں اس کی ویڈیو بنا کر ٹک ٹاک پر نشر کر کے امن عامہ میں خلل ڈالنے کا ارتکاب کیا ہے ۔
فیصلے میں حوالہ دیتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ مجرم کا یہ عمل سائبر کرائم کے مادہ نمبر 6 کے تحت جرم کا مرتکب قرار دیا جاتا ہے ۔سعودی عرب کی کرمنل کورٹ سرکل میں اس کے تحت اسے تین سال قید اور دس ہزار ریال کا جرمانہ سنا دیا ہے ۔
ملزم سے جرم میں استعمال شدہ موبائل بھی ضبط کیا جا چکا ہے جبکہ جرم میں ٹک ٹاک کا مستعمل اکاونٹ بند کرنے کا بھی حکم جاری کر دیا گیا ہے ۔ اس سزا سے متعلق اطلاع دو جریدوں سبق الیکٹرونیہ اور مدینہ منورہ نیوز میں بھی دیا گیا ہےجس کے اخراجات کی ادائی بھی ملزم کی جیب سے کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ فیصلے میں ملزم محمد طاہر ملک کو اس کے خلاف جاری ہونے والے فیصلے کا ترجمہ فراہم کر کے سمجھا دیا جائے گا جس کے بعد اس کے پاس اپیل کے لئے تیس دن کی مدت ہو گی ۔ادھر پاکستان میں سوشل میڈیا پر اس فیصلے کو خوب سراہا جا رہا ہے کہ مسجد نبوی میں ہلڑ بازی کرنے والے کو درست سزا ہوئی ہے ۔
پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی کا کہنا ہےکہ سعودی عرب نے اپنے قوانین کے مطابق فیصلہ کیا جو ان کی ذمہ داری ہے۔
نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ حرمین شریفین کے تقدس کا خیال کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے، سعودی عرب نے اپنے قوانین کے مطابق فیصلہ کیا جو ان کی ذمہ داری ہے۔