سابق سینیٹر عثمان کاکڑ کراچی کے ہسپتال میں علاج کے دوران انتقال کر گئے

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی: مشہورومعروف سیاسی رہنما اور سابق سینیٹر عثمان کاکڑ کراچی کے ہسپتال میں علاج کے دوران انتقال کر گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق معروف سیاسی رہنما و سابق سینیٹر عثمان کاکڑ کو بے ہوشی کی حالت میں کراچی منتقل کیا گیا تھا جو آغا خان ہسپتال کے آئی سی یو میں زیرِ علاج تھے، اور گزشتہ روز تک ان کی حالت نارمل بیان کی جارہی تھی۔

 آغا خان ہسپتال لیبارٹری میں گزشتہ روز عثمان کاکڑ کے مختلف جسمانی ٹیسٹ کیے گئے جن کے مطابق ان کی حالت نارمل تھی لیکن برین ہیمرج میں مبتلا ہونے کے بعد سے عثمان کاکڑ کو ہوش نہیں آسکا۔

قبل ازیں عثمان کاکڑ کو علاج کیلئے کراچی ریفر کردیا گیا تھا۔ ہزاروں پارٹی کارکنان اور سماجی ورکرز نے انہیں رخصت کیا۔ اس دوران رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ نوجوان دھاڑیں مار مار کر رونے لگے۔

پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر اور سابق سینیٹر عثمان کاکڑ کی حالت برین ہیمرج کے باعث 2 روز قبل تک تشویشناک تھی۔ ان کی عیادت کیلئے محمود خان اچکزئی بھی ہسپتال پہنچ گئے تھے۔

دیگر پارٹی رہنما عبدالرحیم، یوسف کاکڑ، عبدالقہار اور دیگر بھی ہسپتال میں عیادت کیلئے آئے۔ آج سے 4 روز قبل جمعرات کے روز عثمان کاکڑ برین ہیمرج کے باعث اپنے گھر میں گر کر زخمی ہو گئے تھے۔

بعد ازاں عثمان کاکڑ کو نجی ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا جہاں ان کا آپریشن ہوا۔ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ سر پر گہری چوٹ کے باعث عثمان کاکڑ کو برین ہیمرج ہوا جنہیں وینٹی لیٹرز پر رکھا گیا۔ امید تھی کہ انہیں جلد ہوش آجائے گا۔

اس کے بعد وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے محمود خان اچکزئی سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے سابق سینیٹر عثمان کاکڑ کی خیریت دریافت کی اور سندھ میں علاج کی پیشکش بھی کی، جس کے بعد انہیں کراچی ریفر کردیا گیا، تاہم پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان کاکڑ کا دورانِ علاج انتقال ہوگیا ہے۔

مزید پڑھیں: سابق سینیٹر عثمان کاکڑ بے ہوشی کی حالت میں کراچی منتقل

Related Posts